رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں غیر ملکیوں نے اپنے گھروں کے کوائف جمع کروا دیے: وزارت داخلہ


واضح رہے کہ اسلام آباد میں سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے تحت وزارت داخلہ نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے وفاقی دارالحکومت میں رہائش پذیر لوگوں کے کوائف جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

پاکستانی وزارت داخلہ کے احکامات پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قیام پذیر تمام غیر ملکیوں نے اپنی رہائش گاہوں کے کوائف پولیس کو جمع کروا دیے ہیں۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق سالہا سال سے اپنی رہائش گاہوں کے کوائف پولیس کو نا دینے والوں کو حتمی مہلت دی گئی تھی، جس کے بعد غیر ملکی شہریوں نے اپنی 303 رہائش گاہوں کے کوائف پولیس کے پاس جمع کروا دیے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے تحت وزارت داخلہ نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے وفاقی دارالحکومت میں رہائش پذیر لوگوں کے کوائف جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

سلامتی کے خدشات کے باعث ہی اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے وفاقی دارالحکومت کے شہری اور دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ کوئی بھی مالک مکان اُس وقت تک اپنا گھر کسی کو کرائے پر نا دے جب تک پولیس کو کرائے دار سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کر دی جاتیں۔

اس بارے میں خاص طور پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں مساجد میں اعلانات کر کے بھی لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں سلامتی کی صورت کو بہتر بنانے کے لیے پہلے ہی وفاقی وزارت داخلہ رینجرز اور پولیس کو مشترکہ گشت پر مامور کر چکی ہے جب کہ حالیہ مہینوں میں اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG