رسائی کے لنکس

سابق برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کا انتقال


مارگریٹ تھیچر 'کنزرویٹو' پارٹی کی طرف سے 1979ء سے 1990ء تک برطانیہ کی پہلی خاتون وزیرِاعظم رہی تھیں۔

برطانیہ کی سابق وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر 87 برس کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔

تھیچر خاندان کے ترجمان لارڈ ٹم بیل نے پیر کی صبح اپنے ایک بیان میں سابق وزیرِ اعظم کے انتقال کی خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان پر فالج کا حملہ ہوا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

مارگریٹ تھیچر 'کنزرویٹو' پارٹی کی طرف سے 1979ء سے 1990ء تک برطانیہ کی پہلی خاتون وزیرِاعظم رہی تھیں۔ وہ 19 ویں صدی کے بعد سے تاحال برطانیہ کی وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر مسلسل اتنے عرصے تک فائز رہنے والی واحد رہنما تھیں۔

ذاتی اور سیاسی زندگی میں سخت گیر اور کھرے مزاج کے باعث انہیں دنیا بھر میں 'آئرن لیڈی' یا 'خاتونِ آہن' کے لقب سے جانا جاتا تھا۔

برطانوی سیاست میں روایت پسند رہنما کی شہرت رکھنے والی مس تھیچر نے اپنے دورِ اقتدار میں برطانیہ میں مزدوروں اور محنت کشوں کی یونینوں کے اثر و رسوخ کو کم کیا تھا اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی کئی سبسڈیز کو ختم کرکے معیشت میں نجی شعبے کے کردار میں اضافہ کیا تھا۔

ان کے دور میں 1982ء میں برطانیہ نے ارجنٹائن کے ساتھ جنگ کے بعد جزائرِ فاکلینڈ پر قبضہ کرلیا تھا جو اب برطانیہ کا حصہ ہیں۔ ان جزائر پر برطانیہ کی ملکیت سے متعلق سخت گیر موقف رکھنے کے باعث تھیچر کو برطانیہ بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

وہ اپنے طویل دورِ اقتدار میں برطانیہ کی یورپی یونین میں شمولیت کی مخالف رہی تھیں لیکن انہیں اس وقت کے امریکی صدر رونالڈ ریگن کا قریب ترین اتحادی تصور کیا جاتا تھا۔

ریگن اور تھیچر نے کمیونسٹ نظریات کے حامل سوویت یونین کے زوال میں بھی اہم کردار ادا کیاتھا۔

برطانیہ کے وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون نے مس تھیچر کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ آج ایک عظیم رہنما اوروزیرِاعظم سے محروم ہوگیا ہے۔

برطانوی وزیرِاعظم کے دفتر کے مطابق مسٹر کیمرون اپنا یورپ کا دورہ مختصر کرکے واپس لندن پہنچ رہے ہیں۔

برطانوی قصرِ شاہی 'بکنگھم پیلس' کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مس تھیچر کے انتقال کی اطلاع پر ملکہ الزبتھ دوم غمزدہ ہیں۔

کئی عالمی رہنمائوں نے بھی سابق برطانوی وزیرِاعظم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے بیانات میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG