رسائی کے لنکس

فرانس: سائیکل پر دفتر آئیے، معاوضہ پائیے


فائل
فائل

فرانس کی حکومت کا کہنا ہے کہ اقدام کا مقصد شہریوں میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ آلودگی میں کمی اور ایندھن کی بچت کرنا ہے۔

فرانس کی حکومت نے سائیکل پر دفتر آنے والے افراد کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اقدام کا مقصد فرانسیسی شہریوں میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ آلودگی میں کمی اور ایندھن کی بچت کرنا ہے۔

پیر کو فرانس کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق منصوبہ آزمائشی طور پر چھ ماہ کے لیے شروع کیا جارہا ہے جس میں ابتدائی طور پر 20 کمپنیاں اور ادارے شامل ہوں گے جن کے ملازمین کی کل تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔

بیان کے مطابق منصوبے میں شامل کمپنیاں اور ادارے اپنے ملازمین کو سائیکل پر دفتر آنے کی صورت میں فی کلومیٹر 25 یورو سینٹ (34 امریکی سینٹ) ادا کریں گے۔

فرانس کے وزیرِ ٹرانسپورٹ فریڈرک کوویلیئر نے کہا ہے کہ اگر آزمائشی مدت کے دوران اس مشق کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے تو اگلے مرحلے میں اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی۔

خیال رہے کہ یورپ کے کئی ممالک – بشمول ہالینڈ، ڈنمارک، جرمنی، بیلجئم اور برطانیہ - پہلے سےہی اپنے شہریوں کو گھر سے دفتر تک کے سفر کے لیے سائیکل استعمال کرنے پر مختلف قسم کی مراعات دے رہے ہیں۔

ان مراعات میں ٹیکسوں میں چھوٹ، سائیکل پر طے کیے جانے والے سفر پہ فی کلومیٹر معاوضے کی ادائیگی اور سائیکل خریدنے کے لیے مالی مدد کی فراہمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

فرانس کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبے کی کامیابی کی صورت میں فرانسیسی شہریوں کی جانب سے گھر سے دفتر جانے کے لیے سائیکل کا استعمال 50 فی صد تک بڑھ جائے گا جس کی شرح اس وقت صرف 4ء2 فی صد ہے۔

فرانس کے برعکس بیلجئم میں سائیکل استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد آٹھ فی صد ہے جب کہ ہالینڈ میں 25 فی صد افراد گھر سے دفتر جانے کے لیے سائیکل استعمال کرتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG