رسائی کے لنکس

روس کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہوا ہے، امریکی وزیرِدفاع


امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس سینٹ پیٹرزبرگ ایرپورٹ پر
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس سینٹ پیٹرزبرگ ایرپورٹ پر

امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے روس کے ساتھ امریکی تعاون میں حالیہ اضافے کو "ڈرامائی" قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔

ماسکو کیلیے پرواز کے دوران جہاز میں موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِدفاع نے افغانستان میں جاری جنگ اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے شمالی کوریا اور ایران کے خلاف قراردادوں کی منظوری میں روسی تعاون کو بطورِخاص تذکرہ کیا۔

انہوں نے لیبیا کے خلاف فوجی کاروائی کی اجازت سے متعلق سلامتی کونسل کی حال ہی میں منظور کردہ قرارداد کی مخالفت نہ کرنے پر بھی روس کی تعریف کی۔

رابرٹ گیٹس پیر کی شام روس کے دورے پر دارالحکومت ماسکو پہنچیں گے جہاں وہ صدر دمیتری میدویدیف اور دیگر روسی حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔

امریکی وزیرِ دفاع کی جانب سے لیبیا میں جاری نیٹو آپریشن کی نگرانی کی غرض سے طے شدہ دورہ ماسکو کو ایک روز کیلیے موخر کردیا گیا تھا۔ امکان ہے کہ ان کے دورہ روس کے دوران ہونے والی بات چیت میں لیبیا کا بحران سرِفہرست رہے گا۔

روس کی جانب سے لیبیا کو نو فلائی زون قرار دینے کی قرارداد کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم روس نے قرارداد پر سلامتی کونسل میں ہونے والی رائے شماری میں حصہ لینے سے گریز کرتے ہوئے اپنا "ویٹو" کا حق استعمال نہیں کیا تھا جس کی بدولت قرارداد کی منظوری ممکن ہوپائی تھی۔

امریکی وزیرِدفاع کے دورے کے دوران روسی حکام سے ہونے والی بات چیت میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری احتجاجی تحریک، یورپ میں میزائل دفاعی نظام کی تنصیب، افغان جنگ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

رابرٹ گیٹس رواں سال کے اختتام تک سیکریٹری آف ڈیفنس کے عہدے سے دستبردار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس حیثیت سے روس کا یہ ان کا آخری دورہ ہے۔

XS
SM
MD
LG