رسائی کے لنکس

گوگل چین میں اپنی خدمات بند کر سکتا ہے



امریکی سرچ انجن گوگل نے کہا ہے کہ وہ چین میں انسانی حقوق کے سر گرم کارکنوں کے ای میل اکاؤنٹس پر بڑے پیمانے پر رسائی کی کارروائی کی کوشش کا پتا چلنے کے بعد اب اپنے سرچ کے نتائج کو سنسر نہیں کرے گا اور ممکن ہے کہ وہ چین میں اپنی سروسز بند کر دے۔

منگل کے روز ایک آن لائن پوسٹنگ میں گوگل کے چیف لیگل آفیسر ڈیوڈ ڈرمنڈ نے کہا کہ کمپنی کو ایک انتہائی جدید انداز کی ایک ایسی سائبر کارروائی کا پتا چلا ہے جس کا ہدف چین میں قائم گوگل کا ادارہ تھا۔

مسٹر ڈرمنڈ نے کہا کہ اس سائبر حملے کا بنیادی مقصد چینی میں انسانی حقوق کے سر گرم کارکنوں کے گوگل کے اکاؤنٹس(جی میل) تک رسائی حاصل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کا خیال ہے کہ سائبر حملہ آور کامیاب نہیں ہوئے اور وہ بظاہر صرف دو اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکے۔

ڈرمنڈ نے کہا ہے کہ ان کارروائیوں اور ویب پر آزادیِ اظہار پر مزید پابندیوں کے باعث گوگل اب اپنے چینی سرچ انجن گوگل سی این پر سرچ سے متعلق معلومات کو سنسر نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں گوگل چین میں اپنے دفاتر مکمل طور پر بند کر سکتاہے۔

ہوائی میں جاری کیے گئے ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے بیجنگ پر زور دیا کہ وہ اس واقعے کی وضاحت کرے جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سے سنگین خدشات اور سوال پیدا ہو گئے ہیں۔

ہلری کلنٹن اگلے ہفتے 21 ویں صدی میں انٹر نیٹ پر آزادی کے بارے میں اوباما انتظامیہ کی نئی پالیسی کا خاکہ پیش کریں گی۔

XS
SM
MD
LG