رسائی کے لنکس

ہیٹی : زلزلے میں ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ


ہیٹی : زلزلے میں ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ
ہیٹی : زلزلے میں ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ

اس زلزلےمیں مرنے والوں کی تعداد اب ایک لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئى ہے، جس نے دارالحکومت پورٹ او پرنس اور آس پاس کے علاقے کو ملبے کے ایک ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے: حکومت

ہیٹی کی حکومت کی ایک وزیر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تقریباً دو ہفتے پہلے آنے والے اُس ہولناک زلزلےمیں مرنے والوں کی تعداد اب ایک لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئى ہے، جس زلزلے نے دارالحکومت پورٹ او پرنس اور آس پاس کے علاقے کو ملبے کے ایک ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔

وزیرِ مواصلات میری لارینس جاسَیلِن لاسیِگ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ یہ اعدادو شمار اُس سرکاری کمپنی نے لاشوں کی گنتی کی بنیاد پر فراہم کیے ہیں، جو لاشوں کو اکٹھا کرکے اُنہیں پورٹ او پرنس کے شمال میں اجتماعی قبروں میں دفن کرتی رہی ہے۔

ان اعداد وشمار میں دارالحکومت کے باہر جیک مَیل جیسے علاقوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے، جہاں خیال ہے کہ بہت سی لاشیں ملبے میں دبی ہوئى ہوں گی۔

اقوامِ متحدہ نے ہفتے کے روز کہاتھا کہ ہیٹی کی حکومت نے اب تک ایک لاکھ 11 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جبکہ خدشہ ہےکہ ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد دو لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

حکومت نے سرکاری طورپر جمعے کے روز سے منہدم عمارتوں کے ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی کارروائیاں بند کردی تھیں۔ لیکن بین الاقوامی امدادی کارکنوں نے ہفتے کے روز پورٹ او پرنس میں ایک کریانے کے سٹور کے ملبے سے ایک اور آدمی کو زندہ نکال لیا ۔

بین الاقوامی امدادی ٹیموں نے اس بارے میں نکتہ چینی کے بعد کہ بہت سے بچ جانے والے لوگوں تک ابھی تک ضروری امداد نہیں پہنچی ہے، متاثرہ لوگو ں کو سامانِ خوراک، پینے کا پانی اور طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔

اتوار کے روز امریکہ اور برازیل کے فوجیوں نے دارالحکوم میں سائیٹ سو لِیل نامی کچّی آبادی کے اُس علاقے کے ہزاروں لوگوں میں سامانِ خوراک اور پینے کا پانی تقسیم کیا تھا، جو مُجرم ٹولوں کے باعث بد نام ہے۔

امریکہ کی بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی کے سربراہ راجیو شاہ نےخبر رساں ایجنسی رائیٹر سے کہا ہے کہ اس تباہی کی کوئى نظیر نہیں ملتی اوراُن کی تنظیم کبھی بھی لوگوں کی ضرورتوں کو اس قدر تیزی سے پورا نہیں کرپائے گی جتنا کہ وہ چاہتی ہے”۔

اسی دوران امریکہ میں ہیٹی کی مدد کے لیے ٹیلی ویژن پر ایک طویل بین الاقوامی تفریحی پروگرام یا ٹیلی تھان کے منتظمین نے کہا ہے کہ انہوں نے جمعے کی نشریات میں پانچ کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم جمع کی ہے۔اداکار جارج کلونی نے “ ہوپ فار ہیٹی ناؤ” کے نام سے اس پروگرام کا انتظام کیا تھا۔ جس میں برُوس سپرنگ سٹین، ہیٹی میں پیداہونے والے موسیقاروِسلَیف جین اور سٹیوی وَنڈر جیسے گلوکاروں نے اپنے فن کے مظاہرے کیے۔ مشہورِعالمی باکسر محمد علی بھی اس پروگرام میں نمودار ہوئے ۔

ٹیلی تھان سے جمع ہونے والی رقم سے ہیٹی میں کام کرنے والی کئى امدادی تنظیموں کی مدد کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG