رسائی کے لنکس

ہیٹی: زلزلے کے بعد بین الاقوامی امداد پہنچنا شروع ہوگئى



دنیا بھر سے عطیات دینے والے ملک اورادارے ہیٹی کو امدادی ٹیمیں، ہنگامی امداد اور سامانِ خوراک بھیج رہے ہیں، جہاں منگل کے روز کے ہولناک زلزلے کے بعد دارالحکومت پورٹ آ پرنس کی سڑکوں پر بہت سی لاشیں بِکھری ہوئى ہیں۔

امریکہ، چین اور سپین سے کارکنوں اور ہنگامی امدادی سامان لے کر کئى طیارے ہیٹی پہنچ گئے ہیں۔ کئى اور ملکوں نے مزید امداد بھیجنے کے وعدے کیے ہیں۔

خدشہ ہے کہ 7.0شدت کے اس زلزلے میں ہزاروں لوگ ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ بے شمار لوگ ابھی تک ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

پینے کے پانی، بجلی اور مواصلات کی سروسوں میں شدید خلل پڑ جانے کی وجہ امدادی کوششوں میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

زلزلے نے پورٹ آ پرنس کو بُری تباہ کردیا ہے اور شہر کا سب سے بڑا ہسپتال منہدم ہوگیا ہے۔ کیوبا کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم پہلے ہی ہیٹی میں کام کررہی ہے۔ کیوبا کے یہ ڈاکٹر زخمیوں کا علاج کررہے اور ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نامی فلاحی تنظیم نے خیموں میں اپنے طبّی مرکز قائم کردیے ہیں۔

قومی محل اور ہیٹی میں اقوامِ متحدہ کے مِشن کے صدر دفاتر کے عمارتیں بھی زلزلے میں زمیں بوس ہوگئى ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مُون نے ہیٹی میں اقوامِ متحدہ کے عملے کے 16 ارکان کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ لیکن عالمی ادارے کے مشن کے سربراہ ہَیڈی انّابی سمیت عملے کےکم سے کم 150 ارکان بدستور لاپتا ہیں۔

جمعرات کی صبح پَو پھٹنے سے پہلے، اُن زندہ بچ جانے والے لوگوں نے، جو بین الاقوامی امداد کا انتظار کررہے ہیں، مناجاتی نغمے گائے۔

وائس آف امریکہ کے نامہ نگار برائن ویگنر کو ایک امریکی طالب علم ویڈِم سٹیون یُک نےبتایا وہ اُ س وقت ایک ٹرک میں تھا جب زلزلے نے ہیٹی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ سٹیون یُک ایک مذہی گروپ سے وابستہ ہے۔ اُس نے بتایا کہ زلزلے کے بعد، جو اُس ملک میں پچھلے 200 برسوں میں سب سے طاقتور زلزلہ تھا، لوگ اپنے گرد اس قدر وسیع تباہی دیکھ کر سخت سراسیمہ اور خوف زدہ ہوگئے تھے۔

امریکہ میں ہیٹی کے سفیر ریمنڈ جوزف نے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن سے وہاں کوئى ہاسپٹل شِپ بھیجنے کی درخواست کررہے ہیں۔

ہیٹی میں تعینات اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے 9000 فوجیوں میں سے 3000 پورٹ آپرنس میں تعینات ہیں۔ یہ لوگ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں امدادی ٹیموں کی مدد کرنے کے لیے مِلبے سے اٹی ہوئى سڑکیں صاف کررہے ہیں۔

عہدے داروں کا اندازہ ہے کہ 30 لاکھ تک لوگ، یعنی ہیٹی کی کُل آبادی کا ایک تہائى حصّہ ، ہوسکتا ہے کہ زلزلے سے متاثر ہوا ہو۔ ریڈ کراس نے امدادی کارروائیوں کے لیے 10 لاکھ ڈالر فرہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ہیٹی مغربی نصف کرہ ارض کا سب سے غریب ملک ہے۔ اور برسوں تک سیاسی تشدّد، لاقانونیت ، بدعنوانیوں اور قدرتی آفات کے باعث اُس ملک میں ترقیاتی کوششوں کوبھی نقصان پہنچتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG