رسائی کے لنکس

ایچ آئی وی کا شکار مریضوں کے جلد علاج پر زور


ایچ آئی وی کا شکار مریضوں کے جلد علاج پر زور
ایچ آئی وی کا شکار مریضوں کے جلد علاج پر زور

دنیا بھر میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے تاہم جن مریضوں کو علاج کی سہولت میسر ہے اُن کی جان بچانے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پیش رفت ہوئی ہے ۔

محدود وسائل رکھنے والے ملکوں میں ایچ آئی وی کے علاج سے متعلق ہدایات کے ایک جائزے میں کہا گیا ہے کہ اس مرض میں مبتلا افراد کا علاج جلد از جلد شروع ہو جانا چاہیئے۔ دنیا بھر خصوصاً غریب ملکوں میں،ایچ آئی وی کے علاج کی سہولت کی دستیابی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ادویات بنانے والی کمپنیوں نے بھی اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے لیکن اس کے باوجود علاج پر آنے والے اخراجات خاصی حد تک زیادہ ہیں۔

بیماریوں پر تحقیق میں شامل ہارورڈ یونیورسٹی کی روچل ویلنسکی (Rochelle Walensky) کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی مرتب کردہ ہدایات اُن اقدامات سے متعلق ہیں جو حکومتوں کو ترجیحات متعین کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

ویلنسکی اور اُن کے ساتھیوں نے کمپیوٹر پروگراموں کی مدد سے موثر ترین حکمت عملی کا ماڈل پیش کیا ہے اور اُنھوں نے اس بارے میں افریقہ اور بھارت میں شفا خانوں سے اعدادوشمار بھی اکھٹے کیے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ تاریخ کے مشاہدے سے معلوم ہوتا ہے کہ جب بھی ادویات بنانے والی کمپنیوں پر بین الاقوامی سطح پر دباؤ ڈالا گیا ہے تو ادویات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم ویلنسکی کے مطابق اس وقت حکومتوں کی ترجیح زیادہ سے زیادہ مریضوں کا جلد از جلدعلاج ہونی چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG