رسائی کے لنکس

حفظانِ صحت میں اصلاحات کا حتمی بِل: اوباما نے دستخط کر دیے


امریکی صدر براک اوباما نے اُس بِل پر دستخط کر دیے ہیں جِس کے تحت حفظانِ صحت کے نظام میں اُن کی تجویز کردہ اصلاحات کی تکمیل اور قوم کی درس گاہوں میں تعلیمی قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا ہو جائے گی۔

مسٹر اوباما نے منگل کو واشنگٹن کے قریب ورجینیا کے ایک کمیونٹی کالج میں بِل پر دستخط کر کے اِسےقانونی شکل دے دی۔ ہیلتھ انشورنس اور اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات کو سراہتے ہوئے اُنھوں نے اِسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

اِس مسودہٴ قانون میں اُن متعدد غلطیوں کی اصلاح کر دی گئی ہے جو اس مسودے میں باقی رہ گئی تھیں جِس پر مسٹر اوباما نے گذشتہ ہفتے دستخط کیے تھے۔ ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹ پارٹی کے کچھ ارکان نے حفظانِ صحت کے نظام میں اصلاحات کے لیے اپنی حمایت کے بدلے میں اِس قانون سازی کا مطالبہ کیا تھا۔

حزبِ اختلاف کے ری پبلکن ارکان حفظانِ صحت کے قانون کے سخت مخالف ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ اِس سے لوگوں پر ٹیکس میں اضافہ ہو گا اور حکومتی مداخلت کا دروازہ کھل جائے گا۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ طلبا کو قرضہ جات کی فراہمی میں اصلاحات کے نام پر دراصل طلبا کو قرضہ دینے والی صنعت کو غیر ضروری طور پر نااہل نوکر شاہی کے حوالے کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG