رسائی کے لنکس

حفظانِ صحت میں اصلاحات کے بِل پر اوباما کے دستخط منگل کو متوقع


توقع ہے کہ صدر براک اوباما منگل کے روز اُس بِل پر دستخط کرکے اُسے قانون کی حیثیت دے دیں گے ، جس میں حفظانِ صحت کے نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی گئى ہیں اور جِسے حزبِ اختلاف کی ری پبلکن پارٹی کے ساتھ سال بھر تک سیاسی معرکوں کے بعد منظور کیا گیا ہے۔

امریکہ کے ایوانِ نمائیندگان نے اتوار کو دیر گئے212 کے مقابلے میں 219 ووٹوں کی معمولی اکثریت سے اُس بِل کو منظور کرلیا جسے سینیٹ پہلے ہی منظور کرچکی ہے۔اقلیتی ری پبلکن ارکان نے اتفاقِ رائےکے ساتھ بِل کی مخافت کی اور 34 ڈیموکریٹ ارکان نے منفی ووٹوں کی تعداد بڑھانے میں اُن کا ساتھ دیا۔

مسٹر اوباما نے اتوار کے روز وائٹ ہاؤس میں کہا تھا کہ اس بل سے اُن امریکیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جن کے پاس پہلے سے ہیلتھ انشورینس موجود ہے۔ اس لیے کہ نیا قانون انشورینس کی صنعت کی بد ترین روایات اور لوگوں کے حقوق کی پامالیوں کو ختم کردے گے۔

بِل کا مقصد اُن تین کروڑ 20 لاکھ امریکیوں کو ہیلتھ انشورینس فراہم کرنا ہے ، جن کے پاس یہ سہولت نہیں ہے ۔ اور اس طرح امریکہ اُس مقام کے مزید قریب پہنچ جائے گا جب ملک میں ہر شخص کو علاج کی یہ سہولت حاصل ہوگی۔ یہ پچھلے 40 برسوں میں امریکہ کے حفظانِ صحت کے نظام میں سب سے بڑی اصلاحات ہیں۔

ایوانِ نمائیدگان میں ری پبلکن لیڈر جان بونَر نے کہا ہے کہ ارکانِ کانگریس امریکی عوام کی بات سُن نہیں سکے اور وہ اپنے ووٹوں کی مرضی کی عکّاسی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG