رسائی کے لنکس

القاعدہ جنوبی ایشیا کے سرغنہ عاصم عمر کی ہلاکت کی تصدیق


Asim Umar
Asim Umar

افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ القاعدہ کی جنوبی ایشیا شاخ کا سربراہ عاصم عمرگزشتہ ماہ ایک امریکی اور افغان کارروائی میں ہلاک ہو گیا ہے۔ عاصم عمر،جو دو ہزار چودہ سے القاعدہ کی جنوبی ایشیا شاخ کا سربراہ تھا، افغانستان کے ہلمند صوبے کے ضلعہ موسی قلعہ میں تئیس ستمبر کو کی جانے والی ایک کارروائی میں ہلاک ہوا۔ ​

افغان نیشنل ڈائریکٹریٹ کے ٹویٹر اکاونٹ سے جاری کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان صوبہ ہلمند کے ضلعے موسیٰ قلعہ میں کی گئی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران عاصم عمر سمیت القاعدہ جنوبی ایشیا کے کم سے کم چھ اراکین ہلاک ہوئے ۔

عاصم عمر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے، ایک امریکی اہلکار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ 23 ستمبر کو ہونے والی یہ کارروائی 'افغان قیادت میں اور امریکی حمایت سے‘ کی گئی۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق، عمر بھارتی شہری تھا جو 1974ء اور 1976ء کے درمیان اتر پردیش میں پیدا ہوا۔ امریکہ نے 2016ء میں دہشت گردوں کی فہرست میں ان کے نام کا اندراج کیا تھا۔

گزشتہ ماہ کے چھاپے سے قبل امریکی اہلکاروں، افغان حکومت اور مقامی حکام کو بڑی تعداد میں شہری ہلاکتوں کے الزامات اور متضاد رپورٹیں موصول ہوئی تھیں۔

ہلمند کی صوبائی کونسل کے ایک رکن نے الزام لگایا تھا کہ ایک فضائی حملے کے دوران شادی کی تقریب میں شریک 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

اُس وقت حاجی عبدالمجید اخوند نے ’وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ ضلع موسیٰ قلعہ کےاس مقام پر، جہاں یہ فضائی کارروائی کی گئی، مقامی رہائیشیوں نے شادی کی تقریب کی پیشگی اطلاع دی تھی۔

عبداللہ نامی ایک شخص نے وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ ’’ہم نے گزشتہ رات اپنے خاندان کے 13 افراد کو لشکرگاہ میں واقع ایک ایمرجنسی اسپتال پہنچایا‘‘۔ صحت کے مقامی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 13 زخمی افراد کو اسپتال پہنچایا گیا ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کابل میں ایک امریکی اہلکار نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ ’’اس کارروائی کا مقصد ضلعہ موسیٰ قلعہ میں القاعدہ کے اہداف کو نشانہ بنانا تھا‘‘۔ اہلکار نے کارروائی میں شہری ہلاکتوں کے امکان کو تسلیم کیا تھا۔

اس وقت ہلمند کے ہمسایہ صوبہ قندھار کے گورنر نے ایک علیحدہ بیان میں کہا تھا کہ کارروائی کا ہدف القاعدہ ہی تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ’’گزشتہ رات سپیشل افغان فورس نے صوبہ ہلمند کے ضلعے موسیٰ قلعہ کے تخت پت گاؤں میں فضائی اور زمینی کارروائی کی جس میں القاعدہ نیٹ ورک کے پانچ کلیدی ارکان ہلاک ہوئے، جب کہ تین خواتین ارکان کو گرفتار کیا گیا‘‘۔ بتایا گیا ہے کہ تمام ارکان کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔

XS
SM
MD
LG