رسائی کے لنکس

ایران فوجی آمریت کی جانب گامزن ہے: ہلری کلنٹن


اُنہوں نے کہا کہ اعلیٰ تربیت یافتہ فوجی دستہ، پاسدارانِ انقلاب، عملاً حکومت کا ایک حصّہ ہے

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ ایران ایک فوجی آمریت بنتا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ اعلیٰ تربیت یافتہ فوجی دستہ، پاسدارانِ انقلاب، عملاً حکومت کا ایک حصّہ ہے۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے یہ بات پیر کے روز سعودی عرب جانے سے پہلے قطر میں کہی ہے۔وہ اِس وقت ایران کے خلاف اُس کے جوہری پروگرام کی بنا پر دباؤ میں اضافہ کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے خلیج کے ملکوں کا دورہ کررہی ہیں۔

ہلری کلنٹن ایران کے خلاف نئى پابندیوں کے لیے عرب ملکوں کی حمایت حاصل کرنے کی خاطر سعودی عرب میں شاہ عبد اللہ اور وزیرِ خارجہ شہزادہ سعود الفیصل سے ملاقات کریں گی۔

اتوار کے روز انہوں نے قطر میں امریکی اسلامی عالمی فورَم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ، ایران کے ساتھ جوہری تنازعے کا کوئى پُر امن حل چاہتا ہے، لیکن وہ ایسے وقت میں ایرانیوں کے ساتھ کوئى سلسلہ جنبانی قائم نہیں کرے گا جب وہ ، اُن کے الفاظ میں،” اپنا بم بنا رہے ہیں“۔

توقع ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان دوبارہ امن مذاکرات شروع کرانے کے لیے امریکی کوششوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گی۔

XS
SM
MD
LG