رسائی کے لنکس

ایران کی جانب سےجوہری انسپکٹروں پر پابندی پر آئی اے ای اے کا اظہار تاسف


اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ انہیں ایران کی جانب سے دو جوہری انسپکٹروں پر پابندی کے فیصلے پر رنج ہوا ہے۔

یوکیا ایمانو کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف انسپکٹروں پر بار بار کے اعتراض سےادارے کی تحقیقات متاثر ہوئی ہیں۔

ایران نے جوہری انسپکٹروں پر اپنے جوہری پروگرام کےبارے میں غلط معلومات فراہم کرنے کا الزام لگایاتھا ۔

ایمانو نے جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے 35 ممالک پر مشتمل بورڈ کے اجلاس میں بتایا کہ انہیں اپنے انسپکٹروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر جانب داری پر مکمل اعتماد ہے۔

اس مہینے کے شروع میں آئی اے ای اے نے کہا تھا کہ ایران نے حالیہ برسوں کے دوران 2.8 ٹن کم افزودہ جوہری مواد تیار کرلیا ہے۔

تہران کئی بار یہ تردید کرچکاہے کہ اس کے جوہری پروگرام کا مقصد ایٹمی ہتھیار بنانا ہے اور یہ کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

امریکہ اور اس کے اتحاد ایران پر یہ ا لزام لگاتے ہیں کہ وہ سویلین نیوکلیئر پروگرام کی آڑ میں جوہری ہتھیار تیار کررہا ہے۔

اسی سلسلے کی ایک اور خبر کے مطابق اقوام متحدہ کی جوہری نگرانی کے ادارے نے بلجیئم کے ایک جوہری ماہر ہرمن نیک کارٹس کو نئے چیف انسپکٹر کے طورپر منتخب کرلیا ہے۔

نیک کارٹس جوہری ادارے کے حفاظتی امور سے متعلق شعبے کے نگران ہوں گے ۔ اس شعبے کی ذمہ داری یہ تصدیق کرنا ہے کہ مختلف ممالک کی جوہری سرگرمیوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جارہا۔

XS
SM
MD
LG