رسائی کے لنکس

کراچی میں آپریشن سے جرائم ختم نہیں، کم ضرور ہوئے: شاہد حیات


آپریشن کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم میں کمی ضرور آئی ہے۔ آپریشن جاری رہا تو حالات بہتر ہوجائیں گے

انسپیکٹر جنرل، سندھ پولیس، شاہد حیات کا کہنا ہے کہ آپریشن سے جرائم ختم نہیں کم ضرور ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے یہ بات اتوار کے روز کراچی میں منعقدہ پولیس اہلکاروں کی ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔

شاہد حیات کے بقول، ’یہ کبھی نہیں کہا کہ کراچی سے جرائم کا خاتمہ ہوگیا۔ البتہ، شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے بعد جرائم میں کمی ضرور ائی ہے۔ آپریشن جاری رہا تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔


آئی جی پولیس نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ’جرائم کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کرکے بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو فوری گرفتار کیا جائے۔‘

اُنھوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران میں جو اچھا کام کرے گا، اسے انعام اور جو غلطی کرےگا وہ سزا بھگتنے کیلئے تیار رہے۔

گذشتہ ہفتے، سندھ کے وزیر اطلاعات نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ تین ماہ تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران، پولیس اور رینجرز نے کراچی میں دہشتگردی کا ایک بڑا نیٹ ورک تباہ کر دیا ہے، جب کہ، جرائم کے خاتمے تک شہر میں آپریشن جاری رکھاجائےگا۔

واضح رہے کہ تین ماہ سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں کئی چھاپوں میں درجنوں جرائم پیشہ افراد سمیت سنگین نوعیت کے جرائم میں ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور تخریب کاری کے لیے گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔
XS
SM
MD
LG