رسائی کے لنکس

ایماندار لوگ منتخب کیے بغیر کرپشن ختم نہیں ہوگا: عمران خان


فائل
فائل

بقول اُن کے، ’مسلم لیگ ن کو حکومت کرتے ہوئے ایک سال ہوگیا ہے۔ لیکن، عام آدمی کی زندگی میں کوئی بہتری نہیں آئی‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ، عمران خان نے کہا ہے کہ بدعنوانی بنیادی مسئلہ ہے اور انتخابات شفاف ہوں تب ہی ایماندار لوگ منتخب ہوکر کوپشن ختم کرسکے ہیں۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے، عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو حکومت کرتے ہوئے ایک سال ہوگیا ہے، لیکن عام آدمی کی زندگی میں، بقول اُن کے، ’کوئی بہتری نہیں آئی‘۔

اُنھوں نے کہا کہ کرپشن بنیادی مسئلہ ہے، جب کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کرپشن ختم کرنے کے بجائے، اُن کے بقول، ’قرضوں کا بوجھ بڑھاتی جا رہی ہے‘۔

عمران خان نے قومی اسمبلی کی چار نشستوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی شناخت کیے جانے کا اپنا مطالبہ بھی دہرایا۔

گذشتہ برس عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے دو ہفتے قبل 11 مئی کو اسلام آباد سے احتجاجی جلسوں کی جس مہم کا آغاز کیا تھا، اتوار کو فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ پر اس سلسلے کا یہ دوسرا احتجاجی جلسہ تھا۔

وسطی پنجاب کا اہم صنعتی شہر، فیصل آباد حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کا سیاسی قلعہ سمجھتا جاتا ہے اور تحریک انصاف نے اس احتجاجی جلسے کے ذریعے مبصرین کے کہنے کے مطابق، مسلم نے ن کے مضبوط گڑھ میں اپنی سیاسی طاقت ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔

ادھر، مسلم لیگ ن کی حکومت نے تحریک انصاف کے اس احتجاجی جلسے کی راہ میں مبینہ طور پر کوئی رکاوٹیں تو کھڑی نہیں کیں، لیکن حکمراں جماعت کے لیڈر اس احتجاجی تحریک کو ’منفی سیاست‘ ضرور قرار دے رہے ہیں۔

پنجاب کے وزیر قانون، رانا ثناٴاللہ نے اس جلسلے کے حوالے سے فیصل آباد میں ایک اخباری کانفرنس کے دوران عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، بقول اُن کے، ’آپ کس کے اشارے پر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں‘۔

اپنی اِس احتجاجی تحریک کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف اپنا اگلا جلسہ سات جون کو سیالکوٹ میں کر رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG