رسائی کے لنکس

بھارت: ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف غداری کا مقدمہ


ایمنسٹی انڈیا نے کہا ہے کہ سیمینار میں صرف جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور تشدد سے متاثرہ کشمیری خاندانوں کو انصاف کی عدم فراہمی پر گفتگو ہوئی تھی۔

بھارت میں حکام نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقدمہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے طلبہ رہنماؤں کی درخواست پر ریاست کرناٹک میں درج کیا گیا ہے۔

کرناٹک کے وزیرِ داخلہ جی پرم میشوارا نے کہا ہے کہ ایمنسٹی کی بھارتی شاخ کے خلاف یہ مقدمہ بنگلور میں کشمیر پر ہونے والے ایک سیمینار کے دوران تنظیم کے ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر بھارت مخالف نعرے لگانے پر درج کیا گیا ہے۔

نئی دہلی سے وائس آف امریکہ اردو سروس کے نمائندہ سہیل انجم کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گزشتہ ہفتے بنگلور کے 'یونائیٹڈ تھیولوجیکل کالج' میں ایک سیمینار منعقد کیا تھا جس میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے مبینہ تشدد سے متاثرہ کشمیری خاندانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق تقریب میں مبینہ طور پر کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ بعض بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریب میں کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں بھی نعرے لگائے گئے تاہم منتظمین نے اس الزام کو مسترد کیا ہے۔

اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے بنگلور میں اس سیمینار کے خلاف احتجاج کیا تھا اور اسے قومی سلامتی کے منافی تقریب قرار دیتے ہوئے پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

دریں اثنا ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بھارتی شاخ نے حکام کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کے کسی ملازم نے بنگلور میں ہونے والے سیمینار کے دوران بھارت مخالف نعرے بازی نہیں کی۔

ایمنسٹی انڈیا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہفتے کو ہونے والے سیمینار میں صرف جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور تشدد سے متاثرہ کشمیری خاندانوں کو انصاف کی عدم فراہمی پر گفتگو ہوئی تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریب کے اختتام پر بعض شرکا نے کشمیر کی آزادی کے نعرے بلند کیے تھے لیکن ان کے اس عمل سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے صورتِ حال خاصی کشیدہ ہے اور ریاست میں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

XS
SM
MD
LG