رسائی کے لنکس

بھارت: اسرائیلی سفارت کار پر حملے کے شبے میں صحافی گرفتار


بھارتی پولیس کا کہناہے کہ انہوں نے گذشتہ ماہ اسرائیلی سفارت خانے کی گاڑی پر بم حملے سے تعلق کے شبے میں ایرانی خبررساں ادارے کے لیے کام کرنے والے ایک مقامی صحافی کو گرفتار کیا ہے۔

محمد کاظمی کو اپنی گرفتاری کے ایک روز بعد بدھ کو نئی دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ کاظمی اس شخص کے ساتھ رابطے میں تھا جس نے 13 فروری کو نئی دہلی میں ممکنہ طورپر ایک اسرائیلی سفارت کار کی کار پر مقناطیسی بم چپکایا تھا۔

کاظمی کے وکیل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کا موکل بےقصور ہے اور وہ ’بین الاقوامی دہشت گرد‘ نہیں ہے۔ ان کا کہناتھا کہ ان کے موکل کے کچھ ایرانیوں سے رابطے اس لیے ہیں کیونکہ وہ کئی برسوں سے ایران سے عراق جنگ کی کوریج کررہے تھے۔

کاظمی کی گرفتاری ، 13 فروری کوہونے والے حملے کے سلسلے کی پہلی گرفتاری ہے۔

اسرائیلی سفارت کار پر بھارت میں حملے کے وقت ایک اور اسرائیلی سفارت کار کے ساتھ ایک ایسا ہی واقعہ جارجیا کے شہرتفلس میں پیش آیاتھا۔

اس کے ایک روز بعد بنکاک، تھائی لینڈ میں تین دھماکے ہوئے، جس میں ایک ایرانی شخص شدید زخمی ہوا۔

اسرائیل نےالزام لگایا تھا کہ ان تینوں کارروائیوں میں ایران ملوث ہے جو اس کی جانب سے یہودی ریاست کے خلاف دہشت گردی کی ریاستی سطح پر حمایت کی ایک کڑی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر فوجی حملے کی دھمکی کے بعد مزید شدت آچکی ہے ۔

تہران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

XS
SM
MD
LG