رسائی کے لنکس

ماؤ باغیوں کی مدد کرنے پر ڈاکٹر کو عمرقید کی سزا


ڈاکٹر سین
ڈاکٹر سین

بھارت کی ایک عدالت نے ماؤ نواز باغیوں کی معاونت کے الزام میں ایک ڈاکٹر کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

ڈاکٹر بینائیک سین اور دیگر دو افرادکو یہ سزا ریاست کے خلاف سازش اور بغاوت کے جرم میں دی گئی ہے۔

60سالہ ڈاکٹر سین بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں غریبوں کے علاج معالجے کے حوالے سے مشہور تھے۔ استغاثہ کے مطابق ایک مقامی جیل میں اپنی خدمات انجام دینے کے دوران ڈاکٹر سین نے وہاں قید باغیوں کے پیغامات جیل سے باہر ان کے کمانڈروں تک پہنچانے کاکام کیا۔

2007ء میں گرفتاری کے بعد سے انھیں دو سال تک ضمانت پر رہا نہ کیا گیا۔ ڈاکٹر سین کا مقدمہ 2008میں اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب 22نوبل انعام یافتہ افراد کے ایک گروپ نے ان کی گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو لکھا تھا۔

ماؤ نواز باغی جنہیں عرف عام میں نکسل باڑی بھی کہا جاتا ہے، کئی دہائیوں سے بھارت کے پسماندہ علاقوں میں سیاسی قوت حاصل کرنے کے لیے پرتشدد جدوجہد کررہے ہیں۔ ان واقعات میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے ماؤ باغی تحریک کو ملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قراردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG