رسائی کے لنکس

جے پور کے آخری مہاراجہ انتقال کر گئے


جے پور کا ’ہوا محل‘
جے پور کا ’ہوا محل‘

بھارت میں جے پورکے آخری مہاراجہ، بریگیڈئر سوائی بھوانی سنگھ، طویل علالت کے بعد ہفتہ کی شب نئی دہلی کے مضافات میں ایک ہسپتال میں79 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اُن کی بیٹی دِیا کماری نے اتوار کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ پچھلے دو ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھے اور بلند فشار خون کے علاوہ پھیپھڑوں میں اِنفیکشن کی بیماری میں مبتلا تھے۔

بھارت کی طرف سے ملک میں شاہی خطابات کی منسوخی کے بعد بھی بھوانی سنگھ ایک سماجی اور ثقافتی پہچان سمجھے جاتے تھے۔

1947ء میں برطانیہ سے آزادی ملنے کے بعد بھی بھارت میں جے پور جیسی سینکڑوں چھوٹی راج دھانیاں قائم رہیں اور مہاراجے اپنے خطاب سے جانے جاتے رہے۔

جون 1970ء میں اپنے والد سوائی مان سنگھ کی موت کے بعد بھوانی سنگھ جے پور کے مہاراجہ بنے۔ لیکن چند ماہ بعد ہی بھارت نے 1971ء میں یہ شاہی خطابات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

اس کے باوجود بھی مغربی بھارت کی ریاست راجھستان میں بھوانی سنگھ کو ایک خاص مقام حاصل رہا اور مقامی میڈیا اور علاقے کے لوگ ان کا حوالہ دیتے وقت اُن کے نام کے ساتھ مہاراجہ کا خطاب استعمال کرتے۔

اُنھوں نے بھارتی فوج میں خدمات سرانجام دیں اور 1971ء میں پاکستان کے خلاف جنگ میں بھی حصہ لیا۔

بھوانی سنگھ کی آخری رسومات پیر کو جے پور میں ادا کی جائیں گی۔ اُن کے لواحقین میں بیوہ پدمنی دیوی اور بیٹی کماری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG