رسائی کے لنکس

بھارت نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی


بھارت جون 2016ء سے اب تک مسلسل آٹھ مرتبہ دوطرفہ ایک روزہ بین الاقوامی سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔

بھارت نے سری لنکا کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 8 وکٹوں سے بآسانی شکست دے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ شیکھر دھون نے شاندار سینچری اسکور کی۔

اتوار کو بھارت کے شہر وشاکا پٹنم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 215 رنز بنائے۔

بھارت نے ہدف 33 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

بھارت جون 2016ء سے اب تک مسلسل آٹھ مرتبہ دوطرفہ ایک روزہ بین الاقوامی سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔

شیکھر دھون نے 85 گیندوں پر 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 100 رنز بنائے جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اُن کی 12 ویں سینچری ہے۔

اتوار کے میچ میں شیکھر دھون نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ یہ اُن کی 95 ویں اننگز تھی۔

وہ کم ترین اننگزمیں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بھارتی بلے باز ہیں۔ ویرات کوہلی 93 اننگزمیں یہ کارنامہ انجام دے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ شریاس ایر 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 اعشاریہ 5 اوورز میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ تھرنگانا 95 اور سمارا وکرما 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی طرف سےکلدیپ یادیو اور یوزویندرا چاہل نے تین، تین، ہاردک پانڈے نے دو جبکہ بھونیشور اور بومرہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG