رسائی کے لنکس

ہیرواور ہیروئنز کا ’فلمی دشمن ’پران ‘ بیمار، اسپتال داخل


پران
پران

ایک ایسے دور میں جب فلم میں ہر کہانی ہیرو کے گرد ہی گھومتی تھی اور ہیروئن بھی بس گانے گانے اور ’نمائشی ‘شے نظر آتی تھی، پران نے ایک مشکل راستہ چنا اور اپنے لئے ولن کے کردار کا انتخاب کیا

اپنے منفرد اسٹائل اور مخصوص ڈائیلاگ ڈلیوری سے بالی وڈ میں’ولن‘ کو بھی شہرت اور مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچانے والے سینئر اداکار پران علیل ہوگئے ہیں۔ انہیں اسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔عمر کی 92بہاریں دیکھنے والے پران جمعہ کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں معمول کے معائنے کے لئے پہنچے تھے، لیکن سانس لینے میں دشواری کے سبب انہیں داخل کر لیا گیا۔

لیلی وتی اسپتال کے ایک عہدیدار ڈاکٹر سدھیر ڈگوکر نے بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا ‘ کو بتایا”پران صاحب کا علاج جاری ہے ، ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے ۔ اس لئے کوئی خطرے والی بات نہیں۔

ایک ایسے دور میں جب فلم میں ہر کہانی ہیرو کے گرد ہی گھومتی تھی اور ہیروئن بھی بس گانے گانے اور ’نمائشی ‘شے نظر آتی تھی ، پران نے ایک مشکل راستہ چنا اور اپنے لئے ولن کے کردار کا انتخاب کیا۔انہوں نے کامیابی کے ایسے جھنڈے گاڑے کہ کہیں کہیں تو ہیرو کی چمک بھی ماند پڑ جاتی تھی۔

بارہ فروری انیس سو بیس کو دہلی میں جنم لینے والے پران کشن سکند کو ہندی سینما کا سب سے ’پاپولر‘ ولن کہا جاتا ہے ۔ پرا ن نے بالی وڈ کی 350 فلموں میں کام کیا جن میں سے زیادہ تر میں ان کا کردار اور ادا کردہ ڈائیلاگز سپر ہٹ رہے۔بھاری بھرکم آواز اور آنکھوں کے منفرد تاثرات سے پران نے بطو ر ولن ایک علیحدہ پہچان بنائی اور ٹرینڈ سیٹر ٹھہرے۔

اپنی شاندار پرفارمنس پر انہوں نے 1967,1969اور1972میں فلم فیئر ایوارڈ جیتے جبکہ 1997میں انہیں ’لائف ٹائم اچیومنٹ ‘ ایوارڈدیا گیا۔امریکی ٹی وی نیٹ ورک’سی این این ‘ کی جاری کردہ ایشیا کے’ٹاپ 25‘ سدا بہار ایکٹرز کی فہرست میں پران کا نام بھی شامل تھا۔

پران نے بہت سی فلموں میں ’کامک ولن‘ یعنی مزاحیہ ولن کا کردار بھی بہت خوبی اور آسانی سے نبھا کر سبھی سے داد حاصل کی اور ایوارڈ بھی سمیٹے۔ان کی مشہور فلموں میں ”خاندان“،” عورت“،”بڑی بہن“،”جس دیش میں گنگا ربہتی ہے“،” ہاف ٹکٹ“،” اپکار“،” پورب اور پچھم“ ،”قرض“ ،”ڈان“ ، ”کالیا“اور” زنجیر“ شامل ہیں۔

بھارتی سینما کے لئے پران کی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت نے انہیں سن 2001ء میں پدما بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا۔

پران کی بیماری کی خبر نے ان کے پرستاروں اور بالی وڈ میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ان کے چاہنے والے دعائیں مانگنے کے ساتھ ساتھ پرامید ہیں کہ وہ جلدبیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG