رسائی کے لنکس

انڈونیشیا : ڈوبے خزانے کا نیلام ، گاہکوں کی کمی سے ناکام


انڈونیشیا : ڈوبے خزانے کا نیلام ، گاہکوں کی کمی سے ناکام
انڈونیشیا : ڈوبے خزانے کا نیلام ، گاہکوں کی کمی سے ناکام

انڈونیشیا میں ایک چینی جہاز سے نکالے ہوئے ایک قیمتی خزانےکا نیلام، بولی دینے والوں کے فقدان کے باعث ناکام ہوگیا، چین کا وہ جہاز 10 ویں صدی میں انڈونیشی جزیرے جاوا کے قریب غرق ہوا تھا۔
انڈونیشیا کی حکومت نے بدھ کے روز جکارتا میں جہاز رانی کی وزارت کے دفتر میں اس نیلام کا اہتمام کیا تھا۔ حکومت کو اُمید تھی کہ خزانے میں شامل دو لاکھ 71ہزار قدیم اور نادر اشیا کم سے کم آٹھ کروڑ ڈالر میں نیلام ہوجائیں گی۔
انڈونیشی وزارت کے عہدے دار سُدری مان سعد نے کہا ہے کہ 20 کمپنیوں اور افراد نے اس خزانے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔لیکن اُن میں سے کوئى بھی نیلام میں نہیں پہنچا۔ چنانچہ حکام کو مجبوراً نیلام کو منسوخ کرنا پڑا۔
انڈونیشی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ممکنہ گاہکوں نے ہوسکتا ہے کہ حکومت کی اس شرط کی بنا پر اپنا فیصلہ بدل لیا ہو کہ اُنہیں نیلام میں شریک ہونے کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی رقم پیشگی ضمانت کے طور پر جمع کرانا ہوگی۔
منتظمین نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ ممکنہ گاہکوں کو اُس نیلام کی تیاری کے لیے کافی وقت نہیں دیاگیا، جس کی تاریخ کا ابھی پچھلے ہفتے اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب کسی دوسری تاریخ پر اور مختلف ضوابط کے تحت کسی دوسرے نیلام کا انتظام کرسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG