رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: قیدیوں کے تبادلے کی آسٹریلوی پیشکش مسترد


مجرموں کو ایک جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے
مجرموں کو ایک جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے

انڈونیشیا نے ابھی اینڈریو چن اور میورن سوکومارن کی سزا کی تاریخ طے نہیں کی تاہم انہیں بالی جیل سے ایک جزیرے پر منتقل کر دیا ہے

انڈونیشیا کے حکام نے آسٹریلیا کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ میں سزائے موت کے مرتکب اپنے دو شہریوں کی جان بچانے کے لیے قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔

جمعرات کو حکام نے بتایا کہ سزائے موت پر عملدرآمد طے شدہ منصوبے کے تحت ہی ہوگا اور آسٹریلوی وزیرخارجہ جولیا بشپ کی طرف سے کی گئی کسی پیشکش کو مسترد کیا۔

قبل ازیں آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ جولی بشپ نے جمعرات کو کہا تھا کہ دو آسٹریلوی شہریوں کی موت کی سزا پر عملدرآمد رکوانے کے لیے انہوں نے انڈونیشیا کو قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش کی ہے۔ ان آسٹریلوی شہریوں کو منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

دارالحکومت کینبرا میں پارلیمنٹ کے باہر ایک تقریب کے بعد وزیرِخارجہ نے بتایا کہ انہوں نے انڈونیشیا کے وزیرِخارجہ سے اس سلسلے میں ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انڈونیشیا سے اس مسئلے کو حل کرنے کے مختلف راستوں پر گفتگو کررہی ہیں۔

انڈونیشیا نے ابھی اینڈریو چن اور میورن سوکومارن کی سزا کی تاریخ طے نہیں کی تاہم انہیں بالی جیل سے ایک جزیرے پر منتقل کر دیا ہے جہاں ان کی سزا پر عملدرآمد کیا جانا ہے۔

2005ء میں بالی ایئرپورٹ سے ان دو افراد سمیت نو لوگوں کو ہیروئین سمگل کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

ان دو کے علاوہ برازیل، فرانس، گھانا، نائجیریا، فلپائن اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے مزید نو افراد کو موت کی سزا کا سامنا ہے۔

انڈونیشیا میں منشیات کے خلاف قوانین نہایت سخت ہیں۔ صدر جوکو ویدودو نے منشیات فروخت کرنے والے افراد کو کسی قسم کی نرمی دینے کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے جمعرات کو کہا کہ ان کا ملک انڈونیشیا کا احترام کرتا ہے، لیکن ان کی حکومت اپنی روایات اور شہریوں کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG