رسائی کے لنکس

ایران کا برطانوی جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ


ایران کے 'پاسدارانِ انقلاب' کے اہلکار ایک فوجی پریڈ میں شریک ہیں (فائل)
ایران کے 'پاسدارانِ انقلاب' کے اہلکار ایک فوجی پریڈ میں شریک ہیں (فائل)

ایرانی عہدیدار کے مطابق ملزم نے حکام کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے اور اس پر مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

ایران کے انٹیلی جنس اداروں نے برطانوی خفیہ ایجنسی 'ایم آئی 6' کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایران کے علاقے کرمان کے عدالتی سربراہ دادخدا سالاری نے ایرانی خبر رساں ادارے 'فارس' کو بتایا ہے کہ مشتبہ شخص نے حالیہ مہینوں میں 11 بار برطانوی ایجنٹوں سے رابطہ کیا تھا۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق ملزم نے حکام کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے اور اس پر مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

برطانیہ کی وزارتِ خارجہ نے اس گرفتاری پر ردِ عمل ظاہر کرنے سے یہ کہہ کر انکار کیا ہے کہ دفتر ِخارجہ انٹیلی جنس امور پر تبصرہ نہیں کرتا ہے۔

مبینہ برطانوی جاسوس کی ایران میں گرفتاری کی یہ خبر ایسے وقت میں منظرِ عام پر آئی ہے جب دونوں ملک دو سال سے معطل سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

برطانیہ نے گزشتہ ماہ اجے شرما کو ایران کے لیے اپنا غیر سکونت پذیر سفارتی نمائندہ نامزد کیا تھا جنہوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد گزشتہ ہفتے ایران کا پہلا دورہ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2011ء میں تہران میں قائم برطانوی سفارت خانے پر مظاہرین کے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے منقطع ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG