رسائی کے لنکس

20 فی صد افزودہ یورینیم کی پہلی کھیپ تیار کرلی: صدر احمدی نژاد


ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے افزودگی کے عمل کے آغاز کے دو دن بعد 20 فی صد افزودہ یورینیم کی پہلی کھیپ تیار کرلی ہے۔

صدر احمدی نژاد نے یہ اعلان جمعرات کے روز اسلامی جمہوریہ کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر ایک خطاب کے دوران کیا۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس نےایک میڈیکل ریسرچ ری ایکٹرکو ایندھن کی فراہمی کے لیے یورینیم کی زیادہ اعلیٰ درجے کی افزودگی شروع کی ہے۔ لیکن مغربی قوتوں کو خدشہ ہے کہ ایران یورینیم کو اس سطح تک افزودہ کرسکتا ہےجسے ایک جوہری ہتھیاربنانے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

ایرانی صدر نے جوہری بم بنانے کی کسی کوشش سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے افزودگی کے عمل کی نگرانی جوہری توانائی کا بین الاقوامی ادارہ کرتا ہے ۔

امریکہ اور دوسری عالمی قوتیں ایران کی جوہری سرگرمیوں کے خلاف اس پر اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں کے چوتھے مرحلےکے لیے دباؤ ڈال رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG