رسائی کے لنکس

ایرانی صدر کا ’تعمیری مذاکرات‘ پر زور


ایران کے صدر حسن روحانی
ایران کے صدر حسن روحانی

صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ عالمی سیاست اب ایسا ’’کھیل‘‘ نہیں رہی جس میں ایک فریق کی جیت دوسرے کی ہار ہو بلکہ ایک ’’کثیر الجہت معاملہ‘‘ ہے جس میں تعاون اور مسابقت ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے جنگوں اور دہشت گردی جیسے عالمی مسائل کے حل کے لیے تعمیری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

امریکی اخبار 'دی واشنگٹن پوسٹ' میں لکھے گئے ایک مضمون میں ان کا کہنا تھا کہ سفارتکاری میں تعمیری انداز عمل کا مطلب اپنے حق سے دست بردار ہونا نہیں بلکہ اس کا مطلب طرفین کے ساتھ مل بیٹھ کر مشترکہ تحفظات کو دور کرنا اور باہمی مقاصد حاصل کرنا ہے۔

مسٹر روحانی کا کہنا تھا کہ عالمی سیاست اب ایسا ’’کھیل‘‘ نہیں رہی جس میں ایک فریق کی جیت دوسرے کی ہار ہو بلکہ ایک ’’کثیر الجہت معاملہ‘‘ ہے جس میں تعاون اور مسابقت ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں۔

مسٹر روحانی نے یہ مضمون ایک ایسے وقت تحریر کیا ہے جب چند دن بعد وہ پہلی مرتبہ بحیثیت ایرانی صدر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔

قبل ازیں امریکی ٹی وی این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے اپنے متنازع جوہری پروگرام کے تناظر میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ایران کبھی بھی ایٹم بم کے حصول کی کوشش نہیں کرے گا۔ یہ وہ معاملہ ہے جس پر ان کے ملک کو عالمی تعزیرات کا سامنا رہا ہے۔

ایران کہتا آیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے لیکن امریکہ اور اس کے بعض اتحادیوں کو شبہ ہے کہ وہ اس کی آڑ میں جوہری ہتھیار تیار کر سکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG