رسائی کے لنکس

عراق میں القاعدہ کے لیڈر ہلاک ہوگئے


عراقی اور امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ امریکی اور عراقی فوجوں کی ایک مُشترکہ کارروائى میںشمال کے شہر تکریت کے قریب عراق میں القاعدہ کے دو سب سے سینئر لیڈر مارے گئے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ عراق میں القاعدہ کے لیڈر ابو ایّوب المصری اور القاعدہ کے ایک اور چوٹی کے جنگجو ابو قمر البغدادی، دونوں کو اتوار کے روزاُن کے خفیہ ٹھکانے پر ایک چھاپے کے دوران اُن عراقی فوجیوں نے ہلاک کردیا ، جنہیں امریکی فوج کی مدد حاصل تھی۔

عراق میں امریکہ کے چوٹی کے فوجی کمانڈر جنرل رَیمنڈاوڈیرنو نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دونوں ہلاکتیں‘بغاوت شروع ہونے کے بعد سے القاعدہ پر ممکنہ طور پر سب سے کاری ضرب ہے’۔ جنرک اوڈیرنو نے کہا ہے کہ یہ ملک کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کی کوششوں میں ‘ایک نمایاں قدم’ ہے۔

امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس چھاپے میں مصری کا ایک معاون اور بغدادی کا بیٹا بھی مارا گیا اور اُن کے جرائم میں ملوّث ہونے کے شبہے میں 16 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

وزیرِ اعظم مالکی نے پیر کے روز ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسے دو آدمیوں کی لاشوں کی تصویریں دکھائیں، جنہیں انہوں نے القاعد کے اہل کار بتایا۔

XS
SM
MD
LG