رسائی کے لنکس

عراق: بم دھماکوں میں کم ازکم چھ افراد ہلاک


عراقی پولیس کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ ایک سنی ملیشیا کے ایک معروف راہنما کے گھر کے نزدیک کئی بم پھٹے جس کے نتیجے میں کم ازکم چھ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے عراق اور شام کی سرحد کے نزدیک قصبے قائم میں ہوئے۔

پھٹنے والا پہلا بم انتخابات میں عراق کے سابق وزیر اعظم ایاد علاوی کی سیکولر عراقیہ پارٹی کے سنی راہنما شیخ مردی محمد الماوی کے زیر تعمیر مکان میں نصب کیا گیا تھا۔

اس کے قریب ہی کئی بم وہاں پر لوگوں کے اکٹھے ہونے کے بعد پھٹے۔ دھماکوں کے وقت مہاوی اپنے گھر پر نہیں تھے۔

تشدد کا یہ واقعہ انتخابی عہدے داروں کی جانب سے سات مارچ کے پارلیمانی انتخابات میں زیادہ تر نشستوں پر مسٹر علاوی کی کامیابی کے اعلان کے صرف دو روز بعد پیش آیا ہے ۔

مسٹر علاوی کے اتحاد نے وزیر اعظم نوری المالکی کے اتحاد کو دو نشستوں سے شکست دی ہے۔ مسٹر مالکی انتخابی نتائج کو مسترد کرچکے ہیں۔

الگ واقعات میں اتوار کے روز پولیس نے کہا ہے کہ بغداد میں سڑک کنارے بم دھماکے سے ایک فوجی ہلاک ہوگیا اور پانچ زخمی ہوئے۔

XS
SM
MD
LG