رسائی کے لنکس

عراقی عدالت نے سابق وزیر خارجہ کو سزائے موت سنا دی


سابق عراق وزیر خارجہ طارق عزیز
سابق عراق وزیر خارجہ طارق عزیز

عراق کی عدالت عظمیٰ نے منگل کے روز سابق صدر صدام حسین کی حکومت کے ایک اہم عہدیدار کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔

عراق کے سرکاری ٹی وی کے مطابق سابق وزیر خارجہ طارق عزیز کو یہ سزا اسلامی سیاسی جماعتوں کے خلاف امتیازی اقدامات میں کردار ادا کرنے پر سنائی گئی۔

طارق عزیز پہلے ہی انسانیت کے خلاف جرائم میں 15سال قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا قصورصرف’وفادار‘ہونا ہے اور انھوں نے ذاتی طور پر کوئی جرم نہیں کیا۔ سابق وزیر خارجہ نے 2003ء میں خود کو امریکی افواج کے حوالے کیا تھا۔

طارق عزیز کے سابق قائد صدام حسین کو بھی 2003ء میں عراق میں گرفتار کیا گیا تھا اور عبوری عراقی حکومت نے انھیں 2006ء میں پھانسی دے دی تھی۔

دریں اثناء منگل کو بغداد میں پلاننگ کمیشن کے نائب وزیر پر ہونے والے بم حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے جب کہ بغداد کے شمال میں ہونے والے ایک اور بم دھماکے میں عراقی فوج کے چھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG