رسائی کے لنکس

پٹنہ کے نوجوان کو براک اوباما کا دعوت نامہ


سماجی کارکن عرفان عالم (درمیان) رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ کھڑے ہیں
سماجی کارکن عرفان عالم (درمیان) رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ کھڑے ہیں

پٹنہ کے نوجوان سماجی کارکن اور صنعت کار عرفان عالم کی خوشی کا اس وقت ٹھکانہ نہ رہا جب جمعے کے روز بھارت میں امریکی سفیر ٹموتھی جے رومر امریکی صدر براک اوباما کا دعوت نامہ لے کر ان کے دفتر ”سمان فاؤنڈیشن“ پہنچے۔ امریکی صدر نے انہیں اپریل میں واشنگٹن میں منعقد ہونے والی صدارتی انٹرپرنیور شپ سمٹ میں مدعو کیا ہے۔
عرفان عالم ایک ایسے نوجوان ہیں جنہوں نے بھارت کے سب سے اہم مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ احمد آباد سے ڈگری لینے کے بعد ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دعوت ناموں کو ٹھکرا کر اپنی قابلیت کا استعمال آبائی ریاست بہار میں کرنے کی ٹھانی۔

اس سلسلے ان کا خیال سماج کے سب سے پسماندہ اور غریب طبقے رکشہ چلانے والوں کی جانب گیا۔ اور انھوں نے ان کی فلاح و بہبود کے کام کرنا شروع کیا۔ تین سال قبل انہوں نے اپنے اس منصوبے پر عمل کرنا شروع کیا تھا اور ایک ایسا رکشہ ڈیزائن کیا جس کے ذریعے نہ صرف روزمرہ کی چیزیں بیچی جاتی ہیں بلکہ ان رکشوں پر اشتہارات بھی لگائے جاتے ہیں جس سے رکشے والوں کو اضافی آمدنی ہوتی ہے۔

سنہ 2007ء میں ان کے پاس اس طرح کے صرف چھ سو رکشے تھے، لیکن آج ملک بھر میں ان کی تعداد دس لاکھ سے بھی زائد ہے۔

عرفان عالم نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ان کے اس کام کی باز گشت امریکہ کے صدارتی ایوان تک پہنچ جائے گی اور وہ ان کے اس کام سے متاثر ہو کر انہیں امریکہ آنے کی دعوت دیں گے۔
بہار کے دو روزہ دورے پر آئے بھارت میں امریکہ کے سفیر ٹموتھی جے رومر جب عرفان عالم کے دفتر پہنچے تو وہ ان کے رکشے کو دیکھ کر اس قدر خوش ہوئے کہ پر جوش ہو کر انہوں نے وہ رکشہ خود چلانا شروع کر دیا اور سواری کے طور پر اپنی اہلیہ کو بیٹھا لیا۔ بعد میں انہوں نے عرفان عالم کی والدہ اور والد کو بھی بیٹھا کر رکشہ چلایا۔ اس منظر کو دیکھ کر وہاں موجود افراد کو بے حد خوشی ہوئی۔ رومر نے رکشہ والوں سے بھی بات چیت کی۔

عرفان عالم نے رومر کو بتایا کہ اس منصوبے کے تحت نہ صرف بہار بلکہ دیگر کئی ریاستوں میں غریب رکشے والوں کو فاؤنڈیشن کے ذریعہ رکشہ دستیاب کرایا جا رہا ہے بلکہ ان کی اہلیہ کو بھی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ بھی کچھ کما سکیں۔

اس کے لیے خاص قسم کا رکشہ ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں روزمرہ کے کچھ ضروری سامان کی فروخت کا بھی نظم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ غریب رکشے والوں کے لئے ہاؤسنگ کالونیاں بنانے کے منصوبے پر بھی غور کر ہے ہیں تاکہ سماج کے ان مفلس لوگوں کو بھی رہنے کے لئے چھت نصیب ہو سکے۔
عرفان عالم نے کہا کہ امریکی صدر کا دعوت نامہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ اس کانفرنس میں ضرور شرکت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG