رسائی کے لنکس

اسلام آباد: فائرنگ سے ایلیٹ فورس کے دو اہلکار زخمی


ایلیٹ فورس (فائل فوٹو)
ایلیٹ فورس (فائل فوٹو)

پولیس حکام کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار تھانہ آبپارہ کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران ایک اہلکار سے حادثاتی طور پر گولی چل گئی۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں منگل کی دوپہر ایلیٹ فورس کے دو اہلکار اپنے ہی ساتھی کی حادثاتی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار تھانہ آبپارہ کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران ایک اہلکار سے حادثاتی طور پر گولی چل گئی۔

فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

قبل ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ ماہ ہی وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں سکیورٹی کو بڑھاتے ہوئے پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس اور رینجرز کے اہلکاروں کو بھی شہر میں تعینات کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ واقعہ شہر کے حساس ترین علاقے "ریڈ زون" سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔

ریڈ زون میں پارلیمان، سپریم کورٹ، وزیراعظم کا دفتر، غیر ملکی سفارتخانے اور دیگر اہم سرکاری عمارتیں واقع ہیں۔

اسلام آباد کی سکیورٹی کو پہلے ہی بڑھا دیا گیا تھا کیونکہ منگل کی سہ پہر قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرخزانہ آئندہ ماہ سال کا وفاقی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں اور اس موقع پر اعلیٰ ملکی و غیر ملکی شخصیات بھی پارلیمان میں موجود ہوں گی۔
XS
SM
MD
LG