رسائی کے لنکس

ایوان صدر کے سامنے نون لیگ کا احتجاجی مظاہرہ


پاکستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کا حکومت کے خلاف احتجاج ایوانوں سے نکل کر وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں تک پھیل گیا ہے ۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدر کے سامنے مسلم لیگ ن نے احتجاج کیا ۔اس دوران لیگی رہنماوٴں ، کارکنوں اور پولیس اہلکار وں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے۔

پیر کو اپوزیشن رہنما چوہدری نثار کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس سے قبل ہی شاہراہ دستور پر جمع ہونا شروع ہوگئی تھی۔جب ان کی تعداد مزید بڑھی تولیگی رہنماریلی کی شکل میں بلند آواز میں حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے ایوان صدر کی جانب بڑھنا شروع ہوگئے تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں عمارت کے گیت پر ہی روک دیا۔

اس دوران ایک اور لیگی رہنما خواجہ آصف نے رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے کارکنان کے لیے ایوان صدر میں داخلے کی بھرپور کوشش کی ۔

فلک شگاف نعروں کے دوران ہی کچھ کارکن عمارت کے گیٹ پر بھی چڑھ گئے جنہیں پولیس نے بڑی مشکل سے اندرجانے سے روکا۔ اس موقع پر کارکنوں اورپولیس کے درمیان ہاتھاپائی بھی ہو ئی جبکہ ریلی کے شرکا نے پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے خلاف تندوتیز بیانات بھی دیئے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اب یہ احتجاج فیصلہ کن ثابت ہوگا۔

ایوان صدرکے سامنے چوہدری نثار نے ریلی سے مختصر خطاب میں کہا کہ آج کی ریلی جعلی حکمرانوں کیلئے پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2سزایافتہ افرادایوان صدراوروزیراعظم ہاوٴس پرقابض ہیں،زرداری محل سے نکل کرعوام کی حالت دیکھیں۔

XS
SM
MD
LG