رسائی کے لنکس

اسرائیلی وزیر اعظم نئی دہلی پہنچ گئے


بھارت کے وزیر اعظم نرندر مودی اپنے اسرائیلی منصب کا استقبال کر رہے ہیں۔
بھارت کے وزیر اعظم نرندر مودی اپنے اسرائیلی منصب کا استقبال کر رہے ہیں۔

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو چھ روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ یہ گزشتہ 15 سال کے دوران کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا پہلا دورہ بھارت ہے جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

بھارتی وزیر اعظم نرندر مودی نے پروٹوکول میں تبدیلی کرتے ہوئے ہوائی اڈے پر خود اسرائیلی مہمان کا استقبال کیا۔ دونوں راہنما بغلگیر ہو کر ایک دوسرے سے ملے جس کے بعد وہ نئی دہلی میں موجود دوسری جنگ عظیم کی یاد گار کی جانب روانہ ہو گئے ۔

بعد میں نیتن یاہو نے ٹویٹ کے ذریعے اپنے بھارتی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اُن کے جذبے سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ جواب میں نرندر مودی نے ٹویٹ کیا، ’’آپ کا دورہ بھارت خصوصی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘‘

اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہاہے۔ تاہم اس دورے سے چند ہی ہفتے قبل بھارت نے امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

دونوں وزرائے اعظم کے درمیان باضابطہ مزاکرات پیر سے شروع ہو رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس دوران اسرائیل اور بھارت میں سائیبر سیکورٹی، توانائی، خلائی تعاون اور فلم سازی کے شعبوں میں اہم سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

نیتن یاہو کے ہمراہ ایک بہت بڑا کاروباری وفد بھی بھارت پہنچا ہے جس میں ٹکنالوجی، زراعت اور دفاع سے متعلق صنعتکار بھی شامل ہیں۔

دورے کے دوران نیتن یاہو تاج محل دیکھنے جائیں گے۔ اس کے علاوہ وہ مودی کی ریاست گجرات کا بھی دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ بالی وڈ کی سرکردہ شخصیات سے بھی ملیں گے اور اُنہیں اسرائیل میں فلموں کی عکس بندی کی دعوت دیں گے۔

XS
SM
MD
LG