رسائی کے لنکس

چھ ماہ میں حکومت نے ’سمت کا تعین کر لیا‘ ہے: سینیٹر پرویز رشید


فائل
فائل

’اب دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان بھی بین الاقوامی برادری کا حصہ ہے اور بین الاقوامی برادری کو جو چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان اُس میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے‘: وزیر اطلاعات و نشریات

پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات، سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آنے کے چھ ماہ کے اندر، نواز شریف حکومت نے ملک کے لیے ’ایک سمت کا تعین‘ کرلیا ہے، جس پر، اُن کے بقول، تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔

منگل کے روز ’ وائس آف امریکہ‘ کے حالاتِ حاضرہ کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ پچھلے دس بارہ سال کے اندر پاکستان اپنی سمت کھو چکا تھا۔

اُن کے بقول، ’دنیا کو پاکستان سے شکایتیں تھیں، ہمسایوں کے ساتھ ہمارے تعلقات ایسے تھے کہ سب کو ہم سے گلا تھا، حتیٰ کہ ہمارے عزیز ترین دوستوں کو بھی ہم سے شکایات پیدا ہونا شروع ہوگئی تھیں‘۔

اُن کے الفاظ میں، ’چھ ماہ کے اندر اندر، برطانیہ کہتا ہے پاکستان کا دشمن، ہمارا دشمن ہے۔ امریکہ پاکستان سے بار بار پوچھتا ہے کہ اقتصادی مشکلات کو ختم کرنے کے سلسلے میں کیا کیا جا سکتا ہے؛ یورپی ممالک نے برآمدات کی درجہ بندی کی سطح میں توسیع کرکے ہماری ریٹنگ بڑھا دی ہے؛ بھارت جو یہ کہتا تھا کہ جب تک ممبئی کے ذمہ داروں کو سزائیں نہیں دی جائیں گی، اُس وقت تک کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوگی؛ اب اُس کے ساتھ بھی بات چیت کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ افغان صدر، جنھیں پاکستان سے شکایات تھیں، اب وہ پاکستان کے بارے میں اچھی گفتگو کرتے ہیں۔۔۔۔‘
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ’اب دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان بھی بین الاقوامی برادری کا حصہ ہے اور بین الاقوامی برادری کو جو چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان اُس میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ اُن کے بقول، ہم دنیا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور دنیا ہمارے مسائل کو سمجھنا شروع ہوگئی ہے۔‘

تفصیل کے لیے آڈیو رپورٹ پر کلک کیجئیے:

سینیٹر پرویز رشید سے خصوصی انٹرویو
please wait

No media source currently available

0:00 0:12:23 0:00
XS
SM
MD
LG