رسائی کے لنکس

کراچی میں ایک گھر میں دھماکا، چھ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں جمعہ کی صبح ایک گھر میں دھماکے سے کم ازکم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مکان میں سوات سے آئے ہوئے بعض افراد مقیم تھے جن کے پاس موجود بارودی مواد کے پھٹنے سے دھماکا ہوا۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیر ے میں لے لیا اور پولیس نے جائے وقوع سے دستی بم، خودکش جیکٹس اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے جب کہ بعض مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

ادھر وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں، بنگالیوں اور دوسرے ملکوں کے باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جارہا ہے تاکہ یہ امن وامان کی صورتحال میں کسی قسم کا خلل نہ ڈال سکیں۔

کراچی میں جمعے کے روز صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے رحمٰن ملک نے کہا کہ اگر غیر قانونی طور پر مقیم افراد 15روز کے اندر اپنے ملکوں کو واپس نہیں جاتے تو ان کے ساتھ کسی بھی طرح کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں طالبان عناصر بھی موجود ہیں اور ان کے خلاف بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔

کراچی میں سیاسی بنیادوں پر قتل کے واقعات یا ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے ابتدائی رپورٹ ان کے پاس آچکی ہے جس کا وہ جائزہ لے رہے ہیں تاہم رحمن ملک کا کہنا تھا کہ وہ صورتحال کو ہر پہلو سے پرکھنے کے بعد ہی حقائق منظر عام پر لائیں گے اور امن خراب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ جمعے کے روز پولیس اور رینجرز کا ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جو اس سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لے گا۔

XS
SM
MD
LG