رسائی کے لنکس

کراچی کنگز کے پولار ڈ نے لاہور قلندرز سے فتح چھین لی


کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کا انحصار اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے میچ پر ہے۔

پاکستان سپرلیگ کے ایک اہم میچ میں کائرون پولارڈ کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پولارڈ نے آخری دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 18 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لاہورقلندرز کی جانب سے کیمرون ڈیلپورٹ اور کپتان برینڈن مک کولم نے اننگز کا آغاز کیا، کراچی کنگز کو پہلے ہی اوور میں اس وقت کامیابی ملی جب ڈیلپورٹ کو عامر نے تین رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

ڈیل پورٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد مک کولم اور فخرزمان نے اننگز کو آگے بڑھایا اور مزید کوئی وکٹ گنوائے اسکور 40 رنز تک پہنچادیا، اس موقع پر فخرزمان سہیل خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے، وہ 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مک کولم بھی تیزرفتار بیٹنگ کی کوشش میں اسامہ میر کا شکار ہوگئے، مک کولم نے 31 رنز بنائے۔

سنیل نارائن کو شعیب ملک نے 16 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر عمراکمل بھی 20 رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔ گرانٹ ایلیٹ صرف دو رنز بناکر شعیب ملک کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان اور سہیل تنویر میں مشکل صورتحال میں ساتویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 33 گیندوں پر 55 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی۔محمد رضوان نے 24 گیندوں پر 32 جبکہ سہیل تنویر نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ اس طرح لاہورقلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بناسکی۔

کراچی کنگز کی طرف سے شعیب ملک اور اسامہ میر نے دو،دو جبکہ محمد عامر اور سہیل خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کے اوپنرز جے وردنے اور بابراعظم نے 156رنز کے ہدف کے تعاقب شروع کیا، جے وردنے زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر سکے اور صرف 10رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔

کپتان کمارسنگاکارا نے بابراعظم کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑ کر اسکور 80 تک پہنچادیا، اس موقع پر سنگارا 20 رنز کی اننگز کھیل کر بابراعظم کا ساتھ چھوڑ گئے، ابھی مجموعی اسکور میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ ہوتا تھا کہ بابراعظم کو فخرزمان نے پویلین کی راہ دکھا دی۔

بوپارہ اور شعیب ملک رن آؤٹ ہوئے، دونوں نے بالترتیب 2 اور 11 رنز بنائے۔ عماد وسیم کے ساتھ پولارڈ بیٹنگ کیلئے آئے اور دونوں بیٹسمینوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 28 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کو جیت کیلئے آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے، کائرون پولارڈ نے آخری دو گیندوں پرچھکے لگاکر کراچی کنگز کو فتح دلادی۔ پولارڈ نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ اس طرح کراچی کنگز نے یہ میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

پولارڈ کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے 6،6 پوائنٹس ہیں لیکن لاہور قلندرزکی ٹیم اپنے تمام 8 میچز کھیل چکی ہے جبکہ کراچی کنگز نے 7 میچ کھیلے ہیں، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کا انحصار اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے میچ پر ہے۔

XS
SM
MD
LG