رسائی کے لنکس

کراچی میں مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ


کراچی میں مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ
کراچی میں مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ

لیاری کے مکینوں نے اپنے مسائل کے حل میں تاخیر کے خلاف جمعہ کی سہ پہر احتجاجی ریلی کی صورت میں بلاول ہاؤس جانے کی کوشش کی تو پولیس نے ریلی کے شرکاء کو روکنے کے لیے آئی آئی چندریگر روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا اور مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

مظاہرے میں بچے اور خواتین بھی شریک تھے جو آنسو گیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے۔ پولیس نے اس دوران درجنوں افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ اگرچہ ریلی کے شرکاء منتشر ہو گئے تاہم بعد میں ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ انھیں بلاول ہاؤس جانے دیا جائے۔

ریلی کی قیادت پی پی ضلع جنوبی کے رہنما ظفر بلوچ کر رہے ہیں۔ تاہم دھرنا ختم کرنے کے لیے پولیس کے مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔

ادھر اس صورتحال کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ اور اس سے متصل علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہے۔ واضح رہے کہ حکومت سندھ نے کراچی کے ریڈ زون میں کسی بھی ریلی یا احتجاجی دھرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ادھر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کراچی کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کو صورتحال پر قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔

لیاری کراچی میں پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے لیکن اس کا شمار شہر کے پسماندہ علاقوں میں ہوتا ہے جہاں شہری کبھی تو پرتشدد واقعات یا کبھی اپنے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف سراپا احتجاج رہتے ہیں۔

دوسری جانب شہر میں ایک بار پھر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران سیاسی کارکنوں سمیت کم از کم چھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ جس کے بعد بعض علاقوں میں خو ف و ہراس کی فضاء ہے۔

XS
SM
MD
LG