رسائی کے لنکس

کراچی:تحریک طالبان کا مقامی کمانڈر ہلاک


پولیس کے اعلیٰ افسر جاوید اوڈھو کا کہنا تھا کہ قاری بلال کے پروین رحمٰن کے قتل میں ملوث ہونے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن وہ بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مقامی کمانڈر قاری بلال ہلاک ہوگیا ہے۔

کراچی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر جاوید اڈھو نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ایک روز قبل سماجی کارکن پروین رحمٰن کے قتل میں انھیں شبہ تھا کہ اس میں کچھ کالعدم تنظیموں کے لوگ بھی شامل ہوسکتے ہیں اور پولیس کی کارروائی کے دوران منگھو پیر کے علاقے میں ان کا سامنا قاری بلال سے ہوا۔

’’ہمارے ایس ایچ او منگھو پیر اور اس کی ٹیم کا ٹاکرا ہوگیا ایک دہشت گرد گروپ سے اور فائرنگ کے تبادلے میں قاری بلال جس کا تعلق وزیرستان سے تھا مارا گیا اور باقی اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔ ان کا بھی کھوج لگایا جارہا ہے۔‘‘

جاویڈ اوڈھو کا کہنا تھا کہ قاری بلال کے پروین رحمن کے قتل میں ملوث ہونے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن وہ بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث رہا ہے۔

پروین رحمن ایک سماجی کارکن تھیں جنہیں بدھ کو نامعلوم افراد نے بنارس کے علاقے میں فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔ ان کے قتل کے خلاف ملک کی مختلف سماجی تنظیموں کی طرف سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

پاکستان کے اس سب سے بڑے شہر کراچی میں حالیہ مہینوں کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے جرائم پیشہ عناصر کے علاوہ مختلف کالعدم تنظیمیں بھی شہر میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جن کی سرکوبی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
XS
SM
MD
LG