رسائی کے لنکس

عید کے تیسرے روز بھی کراچی میں 5 ہلاکتیں


عید الاضحی کے موقع شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کئے گئے تھے

عید کے تیسرے روز بھی کراچی میں بد امنی جاری رہی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں 5 افراد نشانہ بنے۔ پولیس نے شانتی نگر کے علاقے میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے بعد پولیس نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم ساجد سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے سرچ آپریشن کے بعد اہل علاقہ نے احتجاج کرنا شروع کردیا اور پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

شہرمیں پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں پانچ افراد جان کی بازی ہارگئے۔ کراچی کے علاقے سکھن تھانی کی حدود میں ٹارگٹ کلنگ میں ایک شخص کو نشانہ بناکرہلاک کردیا گیا دوسری جانب ناظم آباد اور کورنگی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔

پاک کالونی میں بھی ایک شخص کوقتل کردیا گیا۔ بغدادی تھانے کی حدود سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، پولیس ذرائع کے مطابق ان افراد کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ عید الاضحی کے موقع شہر میں سیکورٹی سخت کردی گئی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کئے گئے تھے جن کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ مگر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شہر میں جاری بد امنی اور فائرنگ کے واقعات ان اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
XS
SM
MD
LG