رسائی کے لنکس

صدر کرزئی کا نواز شریف سے رابطہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

دونوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مشرکہ کوششوں پر بات چیت کی ہے۔

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے پاکستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ دونوں ملکوں سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات چیت کی ہے۔

کابل میں صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان رہنما نے پیر کی شب مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے افغانستان، پاکستان اور خطے میں قیام امن کے لیے قریبی اور سنجیدہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

نواز شریف
نواز شریف

صدر کرزئی کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔

’’مسلم لیگ (ن) کے قائد نے صدر کو پھر سے یقین دلایا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں میں امن و سلامتی کے قیام اور مشترکہ کوششوں کے ذریعےدہشت گردی کے انسداد کے لیے ہرطرح کا تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔‘‘

صدر کرزئی نے پاکستانی رہنماؤں سے رابطے کا آغاز اس ماہ کے اوائل میں اُن کے نام الگ الگ خطوط کے ذریعے کیا تھا، جن کا جواب دینے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور صدر آصف علی زرداری شامل ہیں۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کےساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
XS
SM
MD
LG