رسائی کے لنکس

خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا


خواجہ محمد آصف (فائل فوٹو)
خواجہ محمد آصف (فائل فوٹو)

وزیراعظم نے خواجہ آصف کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج بھی دیا ہے۔ یہ دونوں وزارتیں پہلے وزیراعظم ہی کے پاس تھیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کو وزارت دفاع اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی قلمدان تفویض کیا ہے۔

اس سے پہلے یہ دونوں وزارتیں وزیراعظم ہی کے پاس تھیں۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ پاکستان کی عدالت عظمیٰ کی طرف سے مختلف مقدمات میں وزارت دفاع اور قانون کے عہدیداروں کو عدالت میں پیش ہونا پڑ رہا ہے۔

لاپتہ افراد کے مقدمے کی رواں ہفتے ہونے والی سماعت میں عدالت عظمیٰ یہ کہہ چکی ہے کہ اگر وزارت دفاع کے اعلیٰ عہدیدار اور اس کے ماتحت ادارے خاطر خواہ جواب دینے سے قاصر رہے تو وزیر دفاع کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جا سکتا ہے۔

بعض حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ وفاقی وزارء کو اضافی قلمدان سونپا جانا بظاہر وزیراعظم کی ان وزارتوں کے انچارج ہونے کی حیثیت میں عدالت عظمٰی میں ممکنہ پیشی سے بچنا ہے۔

قبل ازیں کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات نہ کروانے کی وجہ سے سیکرٹری دفاع پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ سیکرٹری کے وکیل نے عدالت کو یہ بتایا تھا کہ انتخابات کروانا وزیر دفاع یا حکومت کا کام ہے نہ کہ سیکرٹری دفاع کا۔
XS
SM
MD
LG