رسائی کے لنکس

کوریائی مسافر طیارہ امریکہ میں اترتے ہوئے تباہ، دو افراد ہلاک


حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کا ملبہ
حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کا ملبہ

بعض اطلاعات کے مطابق بوئنگ 777 جہاز کا عقبی حصہ رن وے پر اترتے زمین سے ٹکرایا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

جنوبی کوریا کا ایک مسافر طیارہ ہفتہ کو امریکی شہر سان فرانسسکو کے ہوائی اڈے ہنگامی حالت میں اترتے ہی تباہ ہوگیا جس میں کم ازکم دو افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

طیارے پر 291 مسافر اور عملے کے 16 ارکان سوار تھے اور زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

یہ مسافر طیارہ چین کے شہر شنگھائی سے روانہ ہوکر جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول پہنچا تھا اور یہاں سے یہ مغربی امریکی ساحلی شہر سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہوا تھا۔

بعض اطلاعات کے مطابق بوئنگ 777 جہاز کا عقبی حصہ رن وے پر اترتے زمین سے ٹکرایا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ تباہی سے پہلے پائلٹ کی طرف سے کسی ہنگامی صورتحال کی اطلاع نہیں دی تھی۔

حادثے کے وقت موسم بالکل صاف تھا اور مختلف ٹیمیں اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم ہوسکے۔

ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں جہاز کی دُم نظر نہیں آرہی اور اس کا ایک پر بھی تباہ دکھائی دے رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق مسافر طیارہ عجیب انداز سے رن وے کی طرف بڑھ رہا تھا اترتے ہی لڑکھڑانے لگا اور اس کی دُم ٹوٹ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے مسافروں میں 141 چینی، 77 جنوبی کوریائی، 61 امریکی اور ایک جاپانی باشندہ سوار تھے۔ ہلاک ہونے والے دو لوگوں کی شہریت کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں۔ انھوں نے اس ہنگامی صورتحال میں جائے حادثہ پر امداد کے لیے پہنچنے والے کارکنوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق اس واقعے میں دہشت گردی کا کوئی شائبہ نہیں ہے۔ یہ ادارہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ، کورئین تفتیش کاروں اور بوئنگ کمپنی کے ساتھ مل کر تحقیقات کرے گا۔

تفتیش کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ جہاز کے ڈیٹا ریکاڈر سے حادثے کی اہم معلومات حاصل ہو سکیں گی۔
XS
SM
MD
LG