رسائی کے لنکس

امریکی ٹریول بلاگر جوڑے کی سیاحتی مہم کے دوران پراسرار ہلاکت


 برائین لانڈری اپنے سفر کے دوران ریاست یوٹاہ میں پولیس کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ 12 اگست 2021
برائین لانڈری اپنے سفر کے دوران ریاست یوٹاہ میں پولیس کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ 12 اگست 2021

امریکہ کے اندرونی علاقوں میں سفری مہم کے دوران لاپتا ہونے والی نوجوان بلاگر کے والدین تفتیشی اداروں سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ ان کی ہلاکت کی وجوہات کے بارے میں بتایا جائے۔

جمعے کے روز لانڈری خاندان کے وکیل سٹیو برٹولینو نے امریکی نیوز چینل اے بی سی کے ایک شو 'گڈمارننگ امریکہ' میں بتایا کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امید دلائی ہے کہ اس سلسلے میں جلد ہی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ایف بی آئی نے جمعرات کے روز فلوریڈا کے ایک علاقے میں ملنے والی جزوی انسانی باقیات کے بارے میں تصدیق کی کہ ان کا تعلق لاپتا ہونے والے بلاگر برائن لانڈری سے ہے۔ فلوریڈا کے "ولڈر نس پارک" سے ملنے والی ایک نوٹ بک اور بیگ کے متعلق بھی یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں چیزیں بھی برائن لانڈری کی ہیں۔

ایف بی آئی کے بیان میں لانڈری کی ہلاکت کی وجہ نہیں بتائی گئی اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس کی لاش کتنے عرصے تک پانی میں پڑی رہی۔

جب کہ اس سے قبل اس کی گرل فرینڈ اور سیاحتی مہم میں شریک گیبی پیٹیٹو کی لاش ریاست وایومنگ کے گرینڈ ٹیٹن نیشنل پارک سے 19 ستمبر کو ملی تھی، جہاں یہ جوڑا تفریح کی غرض سے گیا تھا۔

ایف بی آئی نے جمعرات کو کہا کہ فلوریڈا کے ایک بیابان کے علاقے میں پائے جانے والے جزوی انسانی باقیات کی شناخت دانتوں کے ریکارڈ کے ذریعے کی گئی ہے ۔ ان کا تعلق برائن لانڈری سے ہے۔ لانڈری مقتول ٹریول بلاگر گیبی پیٹیٹو کا بوائے فرینڈ تھا۔

سیاحتی مہم میں لانڈری کی ہم سفر گیبی پیٹیٹو۔ اس کی لاش ایک ویرانے سے ملی
سیاحتی مہم میں لانڈری کی ہم سفر گیبی پیٹیٹو۔ اس کی لاش ایک ویرانے سے ملی

یہ باقیات بدھ کے روز دلدلی علاقے کارلٹن ریزرو سے ملی تھیں جو لانڈری کے والدین کے گھر سے زیادہ دور نہیں ہیں۔ پولیس اور ایف بی آئی ایجنٹس برائن لانڈری کو ستمبر کے وسط سے اہل خانہ کی جانب سے اس کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائے جانے کے بعد سے وہاں تلاش کر رہے تھے۔ جس جگہ سے لانڈری کی باقیات اور بیگ ملا ہے یہ علاقہ تلاش کی پہلی کاروائیوں کے دوران زیر آب تھا۔

گیبی پیٹیٹو کے لاپتہ ہونے کے بعد سے تفتیشی اداروں کی توجہ لانڈری پر مرکوز ہو گئی تھی، مگر اس پر ارتکاب قتل کا الزام عائد نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم وایومنگ میں ایک وفاقی عدالت کی گرینڈ جیوری نے 23 ستمبر کو ان پر پیٹیٹو کے بینک ڈیبٹ کارڈ کو دھوکہ دہی سے استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔

پیٹیٹو اگست کے آخر میں اس وقت لاپتہ ہو گئی تھی جب وہ لانڈری کے ساتھ اپنے بلاگ کے لیے امریکہ کے اندورنی علاقوں کا سفر کر رہی تھی، جسے وین لائف کا نام دیا گیا تھا۔ اس کے لاپتہ ہونے سے انٹرنیٹ پر یہ ایک سنسنی خیز معاملہ بن گیا۔

22 سالہ پیٹیٹو کو آخری بار 26 اگست کو زندہ دیکھا گیا تھا۔ اس کے گھر والوں نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ 11 ستمبر کو درج کرائی تھی جبکہ برائنانڈری ستمبر کی پہلی تاریخ کو تنہا اپنے والدین کے گھر لوٹا تھا۔ بعد ازاں پٹیٹو کی لاش 19 ستمبر کو مغربی وایومنگ میں گرینڈ ٹیٹن نیشنل فاریسٹ کے ایک دور افتادہ علاقے سے ملی تھی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسے گلا گھونٹ کر ہلاک گیا تھا۔

پیٹیٹو کی باقیات جس علاقے سے ملیں تھیں، وہاں 27 اگست کو ایک اور ٹریول بلاگر کوٹے نے ایک ویران سٹرک پر کھڑی ہوئی ان کی گاڑی کی ویڈیو بنائی تھی۔

برائن لانڈری اور گیبی پٹیٹو کی گمشدگی کے بعد ملک بھر میں ان کی تلاش کے لیے اشتہار لگائے گئے۔
برائن لانڈری اور گیبی پٹیٹو کی گمشدگی کے بعد ملک بھر میں ان کی تلاش کے لیے اشتہار لگائے گئے۔

پیٹیٹو اور لانڈری، جو فلوریڈا کے مغربی ساحل پر واقع نارتھ پورٹ میں لانڈری کے والدین کے ساتھ رہتے تھے ، جولائی کے اوائل میں نیو یارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ سے اپنی مہم پر نکلے تھے۔ دونوں نے اسی علاقے کے ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی تھی۔

اپنے اس سفر میں وہ کینساس، کولوراڈو اور یوٹاہ کی ریاستوں سے گزرے۔ انہوں نے اپنی اس سیاحتی مہم کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں جسے بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا اور انہیں محبت کرنے والے جوڑے کا نام دیا۔

12 اگست کو ، کسی نے 911 پر فون کر کے اطلاع دی کہ ریاست یوٹاہ کے قصبے موآب میں مون فلاور کمیونٹی کوآپریٹو کے سامنے برائن لانڈری، گیبی پیٹیٹو کو مار پیٹ رہا ہے۔

موآب پولیس نے ایک وین کو ایک ہائی وے پر آرچز نیشنل پارک کے قریب روکا۔ باڈی کیمرے کی فوٹیج میں پیٹیٹو کو روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس نے پولیس افسر کو بتایا کہ لانڈری نے اس سے ڈانٹ ڈپٹ کی ہے اور تھپڑ مارے ہیں۔ پولیس نے جوڑے کو حراست میں نہیں لیا بلکہ انہیں یہ ہدایت کی کہ رات کو وہ الگ الگ سوئیں۔

پیٹیٹو نے اپنی آخری تصویر 25 اگست کو انسٹاگرام پر پوسٹ کی، اسی دن اس نے آخری بار اپنی والدہ سے فون پر بات کی۔ خاندان کا خیال ہے کہ یہ جوڑا اس وقت وایومنگ کے گرینڈ ٹیٹن نیشنل پارک کی طرف جا رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG