رسائی کے لنکس

منہدم اپارٹمنٹ کے متاثرین کو ایک ارب ڈالر ملیں گے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی ریاست فلوریڈا میں گزشتہ جون میں منہدم ہونے والی کنڈومنیم یا اپارٹمنٹ کی عمارت کے متاثرہ لواحقین اور زندہ بچ جانے والوں کو ہرجانہ کے طور پر ایک ارب ڈالر کی خطیر رقم ملنے کا امکان ہے۔اس مقدمےمیں فریقین کے درمیان تقریباً ایک ارب ڈالر کا عارضی تصفیہ ہوگیا ہے۔

مقدمے کے وکیل ہارلے ایس ٹروپن نے بدھ کو میامی سرکٹ کورٹ کے جج مائیکل ہینزمین کے سامنے سماعت کے دوران نو سو ستانوے ملین ڈالر کے تصفیے کا اعلان کیا۔ تاہم، اس تصفیہ کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے ۔ تصفیہ میں ملحقہ عمارت کے ڈویلپیر ، انشورنس کمپنیاں اور دیگر مدعاعلہیان بھی شامل ہیں۔

ہینزمین نے کہا کہ میرے خیال میں یہنہترین فیصلہ ہے۔اس سے میری توقع سے کہیں زیادہ مداوا ہوجائے گا۔

اس سال کے اوائل میں ہینزمین نے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کے لیے صرف تراسی ملین ڈالرکے تصفیہ کی منظوری دی تھی ۔مقدمے کا کلیدی سوال یہی تھا کہ پراپرٹی کی فروخت اور بیمہ کی رقم سے ناگہانی موت کے مقدمات اورجائیداد کے دعوی میں قانونی چارہ جوئی سے ہونے والے نقصانات کی ادائیگی کیسے کی جائے۔

بارہ منزلہ چملین ٹاور ساوتھ کنڈومینیم چوبیس جون کی اعلی الصبح جزوی طور پر منہدم ہوگیا تھا، جس سے درجنوں لوگوں کے کونڈو یونٹس تباہ ہوگئے تھے اور بہت سے متاثرین ٹنوں ملبے تلے دب گئے تھے ۔ اس کا ملبہ ہٹانے میں ہفتوں لگے تھے ۔

عمارت کے منہدم ہونے کے دس دن بعد دھماکہ خیز مواد استعمال کرکے عمارت کے بقیہ حصے کو بھی گرادیا گیا تھاکیونکہ وہ مخدوش ہوچکا تھا۔ مجموعی طور پر اس حادثے میں 98 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

میامی بیچ کے بلکل شمال میں واقع سرف سائڈ ٹاون میں ہونے والے اس سانحے کے متاثرین، خاندان اور کونڈو اپارٹمنٹ کے مالکان کی طرف سے قانونی چارہ جوئی کی گئی اور ریاستی اور وفاقی اداروں نے تحقیقات مکمل کیں۔ اکتوبر میں انجنیئرز اور آرکیٹیکٹس کے ایک اتحاد نے کہا کہ ریاست فلوریڈا کو ساحل کے قریب بلند وبالا عمارتوں کا ہر بیس سال بعد حفاظتی معائنہ کرنا چاہیے تھا۔ اور دسمبر میں فلوریڈا کی ایک گرانڈ جیوری نےبار بار معائنہ کرنے اور واٹر پروفنگ سمیت سفارشات کی ایک لمبی فہرست جاری کی تھی جس کا مقصد مزید کنڈومنیم کے منہدم ہونے سے روکنا تھا۔

چیمپلین ٹاورز ساوتھ کے متاثرین اور کنبہ کے افراد کے دائر کردہ مرکزی مقدمے میں دعوی کیا تھا کہ ملحقہ ایٹی سیون پارک ٹاور پر ہونے والے کام نے چیمپلین ٹاورز کی عمارت کو جس کے بنیادی ڈھانچے کو پہلے ہی مرمت کی ضرورت تھی ، نقصان پہنچایا تھا۔

چیمپلین ٹاور ساوتھ کے منہدم ہونے کے سات ماہ بعد اس کے سسٹر ٹاور چیمپلین ٹاور نارتھ کے زیر زمین گیراج کومضبوط بنانے کے لیے کام کیا گیا ۔ اس کام کو کونڈو بورڈ نے احتیاط اٹھائے گئے اقدامات قرار دیا ۔ یہ کونڈو انیس سو اکیاسی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

(اس خبر کے لیے مواد خبررساں ادارے اے پی سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG