رسائی کے لنکس

الزبتھ ٹیلر انتقال کرگئیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وہ عارضہٴ قلب میں مبتلا تھیں اور پچھلے چھ ہفتوں سے لاس انجیلس کے اسپتال میں داخل تھیں

ہالی وڈ کی مشہور و معروف اداکارہ ایلزبتھ ٹیلرچل بسیں۔ان کا انتقال 79 برس کی عمر میں آ ج شام ہوا۔وہ پچھلے چھ ہفتوں سے لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔انہیں دل کا عارضہ لاحق تھا۔
ایلزبتھ ٹیلرجہاں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہنچان رکھتی تھیں وہیں ان کی آٹھ شادیاں بھی شہرت اور دلچسپی کا باعث بنیں۔ ایلزبتھ نے پچاس سال تک فلمی دنیا پر اپنا پرچم بلند کئے رکھا ۔
الزبتھ ٹیلر نے قلوپطرہ کے کردار سے مقبولیت کی سیڑھیاں طے کرنا شروع کی تھیں۔ جس وقت ان کایہ کردار فلمی شائقین تک پہنچا لوگ ان کے حسن کے دیوانے ہوگئے۔ ان کے حسن کی تعریف میں اس وقت کے تمام ذرائع ابلاغ نے زمین و آسمان کی قلابیں ملائیں۔
وہ بارہ سال کی عمر میں پہلی مرتبہ کیمرے کے سامنے آئیں ۔ سن انیس سو پچاس سے انیس سو باسٹھ تک کا عرصہ ان کے فنی عروج کا دور کہلاتا ہے۔ انہیں شاندار اداکاری کے لئے چار مرتبہ آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ الزبتھ کے ایک لے پالک بیٹے سمیت تین بچے ہیں۔
الزبتھ نے55 لازوال فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ نصف درجن سے زائد ٹی وی سیریلز بھی کیں۔ ان کی مشہور فلموں میں نیشنل ویلوٹ ، فادر آف دی برج، آ پلیس ان دا سن ہیں۔
ٹیلر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیے جانے والے کاموں، خصوصاً ایڈز پر تحقیق سے متعلق کام کی ترجمان تھیں۔ اِس کام کے باعث اْنھیں 1993ء میں ایک خصوصی آسکر مل چکا ہے۔
ایلزبیتھ ٹیلر دنیا کی خوبصورت ترین خاتون کے طور پرجانی جاتی تھیں۔ فلموں میں کام کے علاوہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ پردہ سیمیں سے ہٹ کراصل زندگی میں بھی مشہورومعروف تھیں۔ وہ آٹھ مرتبہ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئیں جس میں سے دو باراداکار رچرڈ برٹن کے ساتھ شادی کرنا شامل ہے۔
اْن کے والدین امریکی تھے۔ اْن کی ولادت لندن میں ہوئی لیکن دوسری جنگِ عظیم کے بعد وہ لاس اینجلس منتقل ہوئیں اور ایک ننھی سی اداکارہ سے فلمی دنیا میں شہرت کے عروج تک پہنچیں۔ اْنھوں نے محض اپنی خوبصورتی کی بنا پر نہیں بلکہ اداکاری کی خداداد صلاحیت کے بل بوتے پر اپنے فن کا لوہا منوایا۔

XS
SM
MD
LG