رسائی کے لنکس

لندن: ڈبل ڈیکر بسوں کے کرائے کے لیے نقد ادائیگی کا خاتمہ


ٹرانسپورٹ فار لندن کے اصلاحاتی منصوبے کا اطلاق سال 2014 کے وسط یا موسم گرما سے ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ نئے منصوبے کا فیصلہ عوامی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

لندن کی سرخ ڈبل ڈیکر بسوں کے مسافروں کے لیے کیش فری طریقہ ادائیگی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ محکمہ مواصلات نے اعلان کیا ہے کہ لندن کی بسوں پر کرائے کے لیے نقد ادائیگی کو ختم کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹ فار لندن کے اصلاحاتی منصوبے کا اطلاق سال 2014 کے وسط یا موسم گرما سے ہو گا۔

بتایا گیا ہے کہ نئے منصوبے کا فیصلہ عوامی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے جس میں تین چوتھائی عوام نے بسوں کے کرائے کی ادائیگی کے لیے ’اوئسٹر کارڈ‘ اور ’کونٹیکٹ لیس کارڈ‘ کو بہتر متبادل قرار دیا ہے۔

مواصلات کے ادارے ’ٹی ایف ایل‘ کے مطابق لندن کی بسوں کے کرائے کے لیے کانٹیکٹ لیس (بغیر پن نمبر ڈالے ڈیبیٹ کارڈ سے ادائیگی کا طریقہ) اور اوئسٹر کارڈ (پے از یو گو) کے علاوہ رعایتی ٹکٹ خریدنے والے صارفین کی تعداد 99 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے ۔

کہا گیا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ مسافروں میں نقد ادائیگی کی مقبولیت جو سال 2000 میں 25 فیصد تھی اب کم ہو کر ایک فیصد بھی نہیں رہی ہے۔

تاہم گذشتہ برس جب ٹی ایف ایل نے عوام سے نقد ادائیگی ختم کرنے کی تجویز پر آراء مانگی تھیں تو یہ خدشہ بھی سامنے آیا تھا کہ نقد ادائیگی ختم کرنے کی وجہ سے کمزور افراد، سیاح اور بیرونی لندن میں رہنے والے لوگ جہاں اوئسٹر کارڈ سروس کی دوکانیں زیادہ نہیں ہیں شدید مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں ۔

محکمہ مواصلات نے بتایا ہے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اوئسٹر کارڈ پر ’ایک مزید سفر‘ کی خصوصیت متعارف کرائی جارہی ہے ۔

نئے اوئسٹر کارڈ پر کوئی بھی بس سوار اس وقت سواری کرنے کے قابل سمجھا جائے گا اگر اس کے کارڈ کا بیلنس منفی نا ہو مگر اس پر یک طرفہ پورا کرایہ (1:45) پاؤنڈ کا بیلینس بھی موجود نہ ہو۔ اس ناکافی بیلینس کے باوجود مسافر اپنی منزل مقصود تک کا سفر کر سکتا ہے یا پھر کسی اوئسٹر کی دوکان سے کارڈ ٹاپ اپ (تجدید ) کروا سکتا ہے جس میں اس اضافی سفر کا کرایہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

ٹی ایف ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’’لندن بسوں پر کرایہ کے لیے نقد ادائیگی کا خاتمہ یہاں رہنے والوں کے ادائیگی کے اس رجحان کی عکاسی کرتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی چیزیں اور خدمات کا بل ادا کرتے ہیں اور اب ان میں بسوں کا سفر بھی شامل ہو جائے گا‘‘۔

انھوں نے بتایا کہ مواصلات کا ادارہ ہر سال نقد ادائیگیوں کی مد میں 24 ملین پاؤنڈ خرچ کرتا ہے اور نقد ادائیگی پر خاتمے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ فار لندن ایک بہت بڑی بچت کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

دارالحکومت لندن میں نقل وحمل کے ذرائع کا جدید نظام کام کر رہا ہے جسے مزید تیز تر اور رواں دواں رکھنے میں اوئسٹر کارڈ اور کانٹیکٹ لیس کارڈ کی بڑی اہمیت ہے۔

اوئسٹر کارڈ کو بس، ریل اور ٹیوب کے کرایہ ادائیگی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اوئسٹر اور کانٹیکٹ لیس ادائیگی کا طریقہ نقد کرایہ ادا کرنے کے مقابلے میں ایک پاؤنڈ سستا ہے جبکہ اوئسٹر نا ہونے یا ناکافی بیلنس کی صورت میں کیش ادا کرنے پر یہی کرایہ دوگنا ہو جاتا ہے۔

اس کے علاوہ مسافروں کے نقد کرایہ دینے کی وجہ سے بس ڈرائیور کو رقم گننے اور واپس کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بس بھی تاخیر کا شکار ہوتی ہے۔
XS
SM
MD
LG