رسائی کے لنکس

مارگریٹ تھیچر کی آخری رسومات، عالمی رہنماؤں کی شرکت


کیتھڈرل میں ہونے والی آخری رسومات میں ملکہ برطانیہ الزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ سمیت 2300 افراد شریک تھے۔

برطانیہ کی سابق وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کی آخری رسومات بدھ کو لندن میں ادا کردی گئیں۔ وہ آٹھ اپریل کو فالج کے حملے میں مبتلا ہونے کے بعد 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

قومی پرچم میں لپٹے ان کے تابوت کو ایک خصوصی گاڑی پر سینٹ پال کیتھڈرل لایا گیا جہاں 170 ممالک کے رہنما اور اعلیٰ شخصیات رسومات میں شرکت کے لیے موجود تھیں۔
سنٹرل لندن میں تابوت کی گزرگاہ کے کنارے ہزاروں افراد جنازے کے جلوس کو دیکھنے کے لیے کھڑے تھے۔

کیتھڈرل میں ہونے والی آخری رسومات میں ملکہ برطانیہ الزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ سمیت 2300 افراد شریک تھے۔

لندن کے بشپ رچرڈ کارٹرس نے مارگریٹ تھیچر کو ایک ’’بیوی، ماں اور دادی‘‘ کے طور پر یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے اپنے مختصر خطاب میں مسز تھیچر کی سیاسی زندگی کی بجائے ذاتی زندگی پر اظہار کیا۔

مارگریٹ تھیچر 'کنزرویٹو' پارٹی کی طرف سے 1979ء سے 1990ء تک برطانیہ کی پہلی خاتون وزیرِاعظم رہی تھیں۔ وہ 19 ویں صدی کے بعد سے تاحال برطانیہ کی وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر مسلسل اتنے عرصے تک فائز رہنے والی واحد رہنما تھیں۔

ذاتی اور سیاسی زندگی میں سخت گیر اور کھرے مزاج کے باعث انہیں دنیا بھر میں 'آئرن لیڈی' یا 'خاتونِ آہن' کے لقب سے جانا جاتا تھا۔
XS
SM
MD
LG