رسائی کے لنکس

لاپتا طیارے کی 'ممکنہ باقیات' کی تصاویر جاری


تصاویر میں ملائیشیا اور ویتنام کے جنوبی حصے کے درمیان پانیوں میں تین بڑے حجم کی چیزیں تیرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ یہ جگہ لاپتا جہاز کے اصل روٹ پر ہی واقع ہے۔

چین نے سٹیلائیٹ سے لی گئی کچھ تصاویر جاری کی ہیں جو کہ "ممکنہ طور پر" لاپتا ملائشیئن ایئر لائنز کے طیارے کی باقیات ہو سکتی ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ میں ایک حکومتی بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق یہ تصاویر گزشتہ اتوار کو طیارے کے لاپتا ہونے کے ایک دن بعد اتاری گئی تھیں۔ انھیں بدھ تک جاری نہیں کیا گیا تھا۔

تصاویر میں ملائیشیا اور ویتنام کے جنوبی حصے کے درمیان پانیوں میں تین بڑے حجم کی چیزیں تیرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ یہ جگہ لاپتا جہاز کے اصل روٹ پر ہی واقع ہے۔

تاہم فی الوقت یہ بتایا مشکل ہے کہ یہ تیرتی ہوئی چیزیں کیا ہیں اور نہ ہی تحقیقات میں شامل کسی اور ایجنسی نے ان تصاویر میں نظر آنے والی چیزوں کی تصدیق کی ہے۔

ملائیشیا ایئر لائنز کا بوئنگ ہفتہ کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے اچانک لاپتا ہو گیا تھا۔ جہاز پر عملے کے ارکان سمیت 239 افراد سوار تھے۔

قبل ازیں ملائیشیا نے لاپتا جہاز کی تلاش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا تھا۔ وزیر ٹرانسپورٹ ہشام الدین حسین نے بتایا کہ 12 ملکوں کے جہاز اور کشتیاں اب نوے ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے میں تلاش کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
XS
SM
MD
LG