رسائی کے لنکس

ملائیشین وزیراعظم کا نواز شریف کو فون، لاپتا طیارے پر گفتگو


ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے گمشدہ طیارے کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کی جانب سے تعاون کی بھرپور یقین دہانی۔

ملائیشیا نے پاکستان سے گمشدہ طیارے کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ یہ درخواست ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کے درمیان منگل کی رات رابطہ ہوا۔ وزیراعظم نوازشریف کو ان کے ملائشین ہم منصب نجیب رزاق نے فون کیا اور لاپتا ہونے والے ملائشین طیارے کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے ملائشین ہم منصب نجیب رزاق کو طیارے کی تلاش میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے میڈیا کو جاری کردہ معلومات میں کہا ہے کہ ملائیشیا بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک سے بھی تعاون کی درخواست کرچکا ہے۔

ترجمان نے ایک مرتبہ پھر ان خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا جن میں کہا گیا تھا کہ طیارہ پاکستان میں اتارا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نہ تو ریڈار سسٹم کے ذریعے طیارے کا کوئی ریکارڈ ملا ہے اور نہ ہی طیارہ بغیر اجازت کے پاکستانی حدود میں داخل ہوسکتا ہے۔

ملائیشیا کا طیارہ گزشتہ ہفتے سے لاپتہ ہے اور تلاش کی سر توڑ کوششوں کے باوجود اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ملائیشیا نے 25ممالک سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔
XS
SM
MD
LG