امریکہ کی جنوبی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ریاست اوہائیو کے ایک آدمی کو ایک مسافر طیارے سے اُس وقت نکال دیا گیا، جب اُس نے اس قسم کے نعرے لگاتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا کہ وہ ”تمام یہودیوں کو ہلاک کرنا چاہتا ہے“۔
میامی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹَو لِیڈو، اوہائیو کے رہنے والے 43 سالہ منصور محمد اسد کو بدھ کو دیر گئے گرفتار کرلیا گیا اور اُس پر ہنگامہ کرنے، گرفتاری کی مزاحمت کرنے اور ایک پولیس افسر کے خلاف دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ اسد نارتھ ویسٹ ائرلائینز کی اُس پرواز کا مسافر تھا، جو میامی کے انٹرنیشنل ائر پورٹ سے ڈیٹرائیٹ روانہ ہونے ہی والی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے طیارہ پرواز سے پہلے جب رَن وے پر چل رہا تھا تو اسد نے بلند آواز کے ساتھ یہود دشمن نعرے لگانا شروع کردیے۔ اُس نے اعلان کیا کہ وہ فلسطینی ہے اور تمام یہودیوں کو ہلاک کردینا چاہتا ہے۔
پائلٹ طیارے کو رَن وے سے واپس ٹرمِنل پر لے گیا، جہاں اسد کو طیارے سے اُتار دیا گیا اور اس شبہے میں کہ اُس کے پاس کوئى ہتھیار ہوسکتا ہے، اُس کی تلاشی لی گئى۔ تاہم کوئى ہتھیار نہیں ملا۔ لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ اسد گالیاں دیتا رہا اور اُس نے پولیس افسروں پر مکّوں سے حملہ کیا۔ چنانچہ پولیس نے اُس پر قابو پانے کے لیے ایک سٹن گن استعمال کی۔
پولیس نے اسد کے ہمراہ تین اور افراد کو بھی تحویل لے لیا لیکن اُن کے بارے میں کوئى تفصیل نہیں بتائى۔
پولیس نے کہا ہے کہ طیارے میں سکیوریٹی کی جانب سے ایک اور چھان بین کے بعد طیارے کو ڈیٹرائیٹ کے لیے روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئى۔